فیصل آباد : پاکستان تحریک انصاف سٹی کے صدر ڈاکٹر اسد معظم نے کہا ہے کہ اقلیتوں نے ملکی ترقی میں اپنا بہترین کردار ادا کیا ہے۔تحریک انصاف اقتدار میں آکر تمام اقلیتوں کو ساتھ لیکر چلے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک انصاف اقلیتی ونگ کے عہدیداروں میں نوٹی فکیشن تقسیم کرنیکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے شرکاء سے کہا کہ آپ ہمارے بھائی اور ہم آپ کے بغیر ادھورے ہیں۔کرسچن برادری نے تحریک انصاف کو فعال کرنے میں بہترین کردار ادا کیا۔
امید ہے آنیوالے وقت میں وہ مزید کام کرتے ہوئے پارٹی کو افق کی بلندیوں تک لے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے قائد کے منشور میں شامل ہے کہ انصاف کی عوام کی دہلیز تک فراہمی میں کوئی تفریق نہیں رکھی جائیگی۔اس لئے تحریک انصاف میں اقلیتوں کیلئے کوئی امتیاز نہیں ہے۔
عام انتخابات میں میں تحریک انصاف اقلیتوں کی قومی و صوبائی اسمبلیوں میں زیادہ سے زیادہ نمائندگی کیلئے اپنا بہترین کردار ادا کریگی۔تقریب کے دوران ریجنل صدر اقلیتی ونگ حبقوق گل،سٹی تنظیم کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر حسن مسعود،صدر این اے82ڈاکٹر سجاد رندھاوا،سٹی آفس سیکرٹری حافظ صابر مغل،یونس سلیمان،فاروق مسیح’عدیل ابراہیم،لطیف عنایت سہوترا،انجم گل، نعیم سلیم،روفن ڈینیئل ودیگر موجود تھے۔نئے عہدیداران نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اقلیتی ونگ ہر محاذ پر عمران خان کا دست بازو بنے گا اور جہاں ہمارے قائد کا پسینہ گرے گا ہم وہاں اپنا لہو گرانے سے گریز نہیں کرینگے۔