ننکانہ صاحب (جیوڈیسک) چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ پاکستان صدیق الفاروق نے کہا ہے کہ ننکانہ صاحب میں تین ماہ کے اندربابا گورونانک انٹر نیشنل یونیورسٹی کا وزیراعظم میاں نواز شریف سے سنگ بنیاد رکھوانے کی کوشش کروں گا اور ایک سال کے اندر پریس کلب ننکانہ صاحب کی عالی شان عمارت کی تعمیر یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سکھ مذہب سے تعلق رکھنے والے افراد پر مشتمل کمیٹی کی مشاورت سے گورودواروں کی خستہ حال عمارتوں کو گرا کر ان کی جگہ نئی عمارتیں تعمیر کی جائیں گی انہوں نے کہا اقلیتوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور آئندہ ماہ شروع ہونے والی بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لئے آنے والے غیر ملکی سکھ یاتریوں کیلئے بہترین ا نتظاما ت کئے جائیں گے۔
ننکانہ صاحب میں با با گورونانک کے 545 ویں جنم دن کی 3 روزہ تقریبات کے لئے جاری انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے گورودوارہ جنم استھان میں سکھوں کے متبرک پانی سے متعلق مسائل کو فوری حل کر نے کے احکامات جاری کئے انہوں نے گورودوارہ کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور انتظامیہ کو یاتریوں کی سکیورٹی سمیت تمام انتظامات بہترین انداز میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر سیکرٹری شرائن خالد محمود، ایڈیشنل سیکرٹری اظہر نعیم سلہری ودیگر بھی موجود تھے۔ بعد ازاں چیئر مین متروکہ وقف املاک بورڈ نے پریس کلب ننکانہ صاحب کا دورہ بھی کیا۔