مائنس ون فارمولا پاکستان میں نہیں چلے گا، اسفند یار ولی

 Asfandyar-Wali

Asfandyar-Wali

پشاور (جیوڈیسک) عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے صدر اسفند یار ولی نے وزیر اعظم نواز شریف سے استعفٰی کے مطالبے کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مائنس ون کا فارمولا پاکستان میں نہیں چلے گا۔ پیر کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے اے این پی سربراہ نے کہا کہ وہ نواز شریف کا نہیں بلکہ پارلیمنٹ کا ساتھ دے رہےہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ انقلاب اور آزادی کے ساتھ نہیں بلکہ جمہوریت کے ساتھ ہیں اور اس کو بچانے کے لیے پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کا ساتھ دینے کے لیے سڑکوں پر بھی نکل سکتے ہیں۔ اسفند یار ولی نے کہا کہ انقلاب اورآزادی کے نام پر ڈرامہ کیا جارہا ہے اور اس ڈرامے کے باعث غیر ملکی وفود پاکستان نہیں آ رہے۔

انھوں نے کہا کہ انتخابات میں اےاین پی کے ساتھ بھی دھاندلی ہوئی پھر بھی وہ جمہوریت کا ساتھ دے رہے ہیں۔ اے این پی سربراہ نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پشاور میں لوگ بارشوں سے مر رہے ہیں لیکن اسلام آباد میں بھنگڑے ڈالے جا رہے ہیں۔