اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جیو،نوازشریف اورسابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے مل کر 11 مئی کوعوامی مینڈیٹ پر شب خون مارا، 11 مئی کوتحریک انصاف کے کارکنان آندھی اورطوفان کی طرح اسلام آبادڈی چوک کی طرف مارچ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے پیر کوبنی گالہ میں اپنی رہائش گاہ پر تحریک انصاف اسلام آبادکی قیادت اور کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر تحریک انصاف اسلام آبادکے صدرعامرمغل ،ضلعی صدر سردار زاہد اکبر، راجہ انفر،علی نوازسمیت دیگر رہنما موجود تھے ۔ عمران خان نے کہا کہ امریکی فنڈز سے عوام کے اصل مینڈیٹ کو سامنے نہیں آنے دیا گیا۔
علاوہ ازیں عمران خان سے شیخ رشید احمد نے ملاقات کر کے 11 مئی کو احتجاجی جلسہ میں شرکت کی یقینی دہانی کرائی جبکہ 9 مئی کو راولپنڈی میں عوامی مسلم لیگ کی طرف سے منعقدہ جلسہ میں عمران خان کو شرکت کی دعوت دی گئی۔ ترجمان تحریک انصاف نے بتایا کہ گزشتہ روز عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے بنی گالہ میں عمران خان سے ملاقات کی جس میں 11 مئی کو تحریک انصاف کی طرف سے انتخابات میں دھاندلی کے خلاف ڈی چوک کے مقام پر منعقدہ احتجاجی مظاہرہ کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیا گیا۔