اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ جمہوریت کو تباہ کرنے والے دھاندلی پر پردہ ڈالنا چاہتے ہیں جب تک مجرموں کو سزا نہیں ہو گی جرم ختم نہیں ہو گا۔ میر شکیل الرحمان ملکی مفاد کے خلاف کام کریں گے تو انکی مخالفت کریں گے۔
معروف اینکر پرسن حامد میر کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ اگلے الیکشن شفاف کرانا ہیں تو دھاندلی کرنے والوں کو پکڑنا ہوگا۔ عوام کا مینڈیٹ چوری کرنے والوں کو سزا دی جائے۔
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ میرشکیل الرحمان کے ساتھ اختلاف ہے اور رہے گا۔ انہوں نے حامد میر پر حملہ کرنے والوں کی گرفتاری کا مطالبہ بھی کیا۔ تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل جہانگیر ترین اور نعیم الحق بھی عمران خان کے ہمراہ تھے۔