میرانشاہ میں ڈرون حملہ، پاکستان کی شدید مذمت

Drone Attack

Drone Attack

اسلام آباد (جیوڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ڈرون حملے پاکستان کی سالمیت اور خود مختاری کیخلاف ہیں۔ ڈرون حملوں میں بے گناہ شہری مارے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون حملے دہشتگردی کے خلاف جنگ پر منفی اثرات مرتب کر رہے ہیں۔ یہ حملے خطے میں امن و استحکام کی کوششوں کو بھی نقصان پہنچا رہے ہیں۔

واضع رہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کے دورہ امریکا کو ابھی ایک ہفتہ ہی مکمل ہوا تھا کہ ڈرون حملے کا نیا تحفہ بھیج دیا گیا۔ ڈرون حملے بند کرنے کے لئے وزیراعظم نوازشریف نے اپیل کی، ننھی نبیلہ نے آنسو بہائے مگر امریکا کے کانوں پر جوں تک نہ رینگی اور اس نے اپنی ہٹ دھرمی برقرار رکھی۔ شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ کے ایک گھر پر امریکی میزائل میں 3 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ ڈرون حملہ میرانشاہ کےعلاقے ظفر ٹاؤن کے ایک گھر پر کیا گیا۔ امریکی ڈرون طیارے سے دو میزائل فائر کئے گئے۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت نہیں ہو سکی۔

خیال رہے کہ 24 اکتوبر کو کو لندن میں میڈیا سے گفتگو میں وزیراعظم نواز شریف نے اُمید ظاہر کی تھی کہ ”ڈرون حملوں کا سلسلہ اب رک جائے گا، وہ جو کہتے ہیں کرکے دکھاتے ہیں”۔ میرانشاہ میں ہونے والے ڈرون حملے کے بعد یہ واضح ہو گیا ہے کہ امریکا ڈرون حملوں کی پالیسی پر نظر ثانی کو تیار نہیں اور پاکستانی حکام کے دعوے صرف دعوؤں سے بڑھ کر کچھ نہیں ہیں۔