میرپور آزاد کشمیر میں 70 سالہ خاتون کے گھر پر ڈکیتی

Mirpur

Mirpur

مظفر آباد (جیوڈیسک) میرپور آزاد کشمیر میں ڈاکوؤں نے ایک گھر میں گھس کر معمر خاتون کو زہریلی دوا پلائی اور رسیوں سے باندھ دیا، ملزمان لوٹ مار کے بعد فرار ہو گئے۔ پولیس نے متاثرہ خاتون کی نشاندہی پر دو عورتوں سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ واقعہ میرپور آزاد کشمیر کے نواحی علاقے چک سواری میں پیش آیا۔

جہاں 70 سالہ خاتون کے گھر ڈکیتی کی واردات ہوئی ، ڈاکوؤں نے معمرخاتون کو زہریلی دوا پلائی اور رسیوں سے باندھ کر گھر میں موجود ساز و سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق خاتون کے گھر والے لندن میں مقیم ہیں اور وہ گھر میں اکیلی رہتی تھیں، 2 روز بعد بیٹی گھر آئی تو بوڑھی ماں کو رسیوں کی قید سے آزادی ملی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بزرگ خاتون کی نشاندہی پر ڈکیتی میں ملوث 2 عورتوں سمیت 5 ملزم گرفتار کرلیے ہیں، 70 سالہ بزرگ خاتون جنہیں ملزمان نے زہریلی دوا پلائی تھی وہ اسپتال پہنچ کر انتقال کرگئیں۔