میرپور (اصل میڈیا ڈیسک) آزاد کشمیر کے علاقے میرپور اور گردو نواح میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ گزشتہ ماہ آزاد کشمیر اور گردو نواح میں آنے والے زلزلے کے آفٹر شاکس کا سلسلہ تاحال جاری ہے اور آج ایک بار پھر میرپور اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔ زلزلے کے جھٹکے صبح 10 بج کر 28 منٹ پر آئے جن کا دورانیہ دو سے تین سیکنڈ تھا۔
زلزلے کے جھٹکوں کے بعد لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔
زلزلے سے میرپور کے علاقے خالق آباد میں بوسیدہ مکان کی چھت گرنے سے 3 افراد ملبے تلے دب گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق ملبے تلے دبے ایک شخص کی لاش نکال لی گئی جب کہ 2 افراد کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ آزاد کشمیر اور گردو نواح میں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں 50 کے قریب افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔