میرپور ڈویژن کو بجلی بندش سے مستثنی قرار دینے کا نوٹیفکیشن جاری

Mirpur

Mirpur

میرپور (جیوڈیسک) آزاد کشمیر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف شہریوں کا احتجاج رنگ لے آیا اور میرپور ڈویژن کو بجلی بندش سے مستثنی قرارد ینے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا لیکن ملک کے کئی علاقوں میں شہری اب بھی سراپا احتجاج ہیں۔

میرپور آزاد کشمیر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف شہر میں مکمل ہڑتال اور تمام کاروباری مراکز بند کر دیے گئے۔ بجلی کی بدترین بندش کے خلاف ہزاروں شہری سڑکوں پر نکل آئے اور منگلا پاور ہاس کی طرف مارچ شروع کر دیا۔ پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج اور آنسو گیس کے شیل پھینکے جس کے جواب میں مظاہرین نے بھی پولیس پر پتھرا کیا۔ اس دوران پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ بھی کی۔

پولیس اور مظاہرین کے درمیان لاٹھی چارج اور پتھرا کی آنکھ مچولی کئی گھنٹے جاری رہی شدید احتجاج کے بعد میرپور ڈویژن کو بجلی بندش سے مستثنی قرار دینے کا نوٹیفیکشن جاری کر دیا گیا۔ دوسری طرف قصور میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف شہریوں نے لاہور قصور روڈ پر مظاہرہ کر کے سڑک بلاک کر دی۔

مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ شہر میں بیس گھنٹے کی طویل لوڈ شیڈنگ فوری طور پر بند کی جائے۔ ادھر فیصل آباد میں بھی بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ کے خلاف متعدد مقامات پر شہریوں اور مزدوروں نے احتجاجی مظاہرے کئے۔ سمندری روڈ پر خواتین اور بچوں سمیت مزدور سڑکوں پر نکل آئے اور بجلی کیساتھ ساتھ گیس کی لوڈشیڈنگ پر بھی شدید احتجاج کیا۔

جھنگ روڈ پر ایئر پورٹ کے قریب اور ستیانہ روڈ بائی پاس پر بھی شہریوں نے لوڈ شیڈنگ کے خلاف مظاہرے کئے۔ سندھ کے ضلع سانگھڑ میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ صحرائے اچھرو تھر میں پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے۔