میرپور کی خبریں 17.08.2013

تارکین وطن کی شعبہ اسٹیٹ بلدیہ سے متعلق شکایات کا ہر ممکن ازالہ کیا جائے گا’ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن میرپور
میرپور(پی پی سی)ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن میرپور غلام رسول عوامی نے کہا ہے کہ میں پارٹی منشور و وزیر اعظم آزادکشمیر کی ہدایات کے مطابق بلا تحصیص و بلاا متیاز شہری ترقی و عوامی بہبود کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائوں گا ۔کارپوریشن کے وسائل اجتماعی منصوبوں کی تعمیر و تکمیل پر صرف کیے جائیں گے اور تارکین وطن کی شعبہ اسٹیٹ بلدیہ سے متعلق شکایات کا ہر ممکن ازالہ کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر مبارک باد کے لیے آنے والے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔دربار عالیہ پلیر شریف کے وفد میں چوہدری عبدالرحمن ٹرانسپورٹر ،چوہدری محمد شفیق اور چوہدری نعمان کے علاوہ دیگر بھی شامل تھے اس موقع پر بعض لوگوں نے بلدیہ کے شعبہ اسٹیٹ میں تارکین وطن کو درپیش مسائل و مشکلات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ پلاٹ و مکان کی شرعی ورثاء کو منتقلی کے منہ مانگے دام طلب کیے جاتے ہیں اور پلاٹوں و مکانوں کی فائلوں سے ریکارڈ غائب کرنا و ٹمپرنگ ایک معمول بنا ہوا ہے انہوں نے کئی مثالیں ثبوت کے طور پر پیش کیں ۔غلام رسول عوامی نے کہا کہ وہ ان مسائل سے آگاہ ہیں اور ازالہ کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں ایڈمنسٹریٹر نے کہا کہ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے سختی سے ہدایات دی ہے کہ تارکین وطن و متاثرین منگلا ڈیم کے شہریوں کو درپیش مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کیے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ صحت و صفائی کے انتظامات بہتر بنائے جائیں گے سٹریٹ لائٹس کی تنصیب کرنے کے علاوہ پانی کی نکاسی سڑکوں گلیوں کی مرمتی اور حالیہ طوفانی برسات سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کرنے کے لیے ہر ممکن ازالہ کیا جائے گا ۔بعض با اثر لوگوں کے گھروں میں ذاتی بیگار پر مامور ملازمین کو اصل ڈیوٹی پر حاضر کیا جائے گا ۔اس موقع پر چوہدری محمد نعمان نے ایڈمنسٹریٹر کو دورہ انگلینڈ کے دوران برمنگھم میں استقبالیہ کی دعوت بھی دی جو انہوں نے قبول کر لی غلام رسول عوامی نے دعویٰ کیا ہے کہ چند ماہ کے اندر ان کی خدمات خود بولیں گی میں شہریوں کے حقوق اور مفادات کے لیے ہمہ وقت حاضر ہوں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
آج کے دور میں وہی قومیں اور ملک نئے نئے چیلنجز کا مقابلہ کر سکتے ہیں، حاجی فرخ محمود
میرپور(پی پی سی) میرپور جموں کشمیر نیشنل ہیلپ سنٹر کے صدر حاجی فرخ محمود ڈار ،جنرل سیکرٹری محمد معروف میر نے ان تمام ڈونرز کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اپنی زکوة عطیات ،ہیلپ سنٹر کو دیکر تین سو خاندانوں کو امدادی پیکج دینے میں ہماری مدد کی ہم مقامی ڈونرز اور برطانیہ میں مقیم کشمیر ی تارکین وطن کی آزاد کشمیر میں مقیم اپنے بہن بھائیوں کی مدد کرنے کے جذبہ حب الوطنی کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ہم ہیلپ سنٹر کی انتظامیہ نے میر خالد بشیر کی سربراہی میں آزاد خطہ سے غربت جہالت اور نا خواندگی مٹانے کا تہیہ کر رکھا ہے آج کے دور میں وہی قومیں اور ملک نئے نئے چیلنجز کا مقابلہ کر سکتے ہیں جو معاشی اور اقتصادی طور پر مضبوط ہوں۔ اس کے لیے اور ترقی یافتہ ملکوں کی صف میں شامل ہونے کے لیے ہمیں اپنی قوم کے نو نہالوں کو جدید علوم اور جدید دور کے تقاضوں کے لیے علم کی روشنی سے بہرہ ور کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے مقامی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ ہم ہیلپ سنٹر جہاں غربت اور نادار افراد بیوہ خواتین یتیم بچیوں کی مالی مدد کرتا ہے وہاں کم آمدن اور وسائل کی عدم دستیابی والے والدین کے ذہین اور لائق بچوں کو اعلیٰ تعلیم کے حصول میں بھرپور مدد کرتا ہے بہت کم فیس کے ساتھ ان لڑکوں اور لڑکیوں کو نیشنل پبلک کالج میں داخلہ دیا جاتا ہے اس کالج سے فارغ التحصیل لڑکے اور لڑکیاں پاکستان اور آزاد کشمیر کے مختلف محکموں اور شبعوں میں اپنی اعلیٰ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک اور قوم کی خدمات سر انجام دے رہے ہیں انہوں نے مقامی ڈونرز خواتین و حضرات اور برطانیہ میں مقیم اپنے کشمیری بہن بھائیوں سے کہا ہے کہ وہ نیشنل پبلک کالج کی بلڈنگ کی تعمیر کے لیے حصول ارضی میں ہیلپ سنٹر کا ہاتھ بٹائیں ۔انہوں نے کہا کہ ہیلپ سنٹر کی خدمات اور ترجیحات ڈھکی چھپی نہیں ہیں کوئی شخص بھی ہیلپ سنٹر کے دفتر واقع نانگی میں دس بارہ سال قبل کا حساب کتاب ملا خطہ کر سکتا ہے ہمارا کام دکھی انسانیت کی خدمت ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دوبئی میں مقیم اوور سیز کشمیری مرزا محمد اصغر جرال انتقال کر گئے
میرپور(پی پی سی) دوبئی میں مقیم اوور سیز کشمیری مرزا محمد اصغر جرال انتقال کر گئے ان کا جسد خاکی وطن لایا گیا ان کی نماز جنازہ گزشتہ روز مقامی قبرستان میں ادا کی گئی جس میں پاکستان بھر سے جرال قبیلہ کے عمائدین میرپور سے ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کے علاوہ اے جے کے یو جے کے مرکزی رہنما شاہد محمود مرزا ،گورنمنٹ میراں شاہ انٹر کالج کے پرنسپل پروفیسر محمد صغیر آسی ،تکبیر فائونڈیشن کے صدر عابد حسین جنجوعہ ،میجر ر نیاز محمد جرال ،سابق مشیر حکومت مرزا محمد صادق جرال ،ممتاز نگار مرزا جانباز جرال ،نیشنل بنک ایمپلائز یونین کے صدر محمد انور جرال ،پروفیسر ریٹائرڈ مرزا محمد شبیر راجپوٹ ،پروفیسر مرزا محمد صدیق ،مسلم لیگ کے رہنما مرزا بشارت ،سابق صدر ڈسٹرکٹ بار میرپور کامران طارق ایڈووکیٹ ،لبریشن لیگ کے رہنما مرزا لیاقت علی ،مرزا محمد اصغر جرال کھوئیرٹہ ،مرزا محمد اشرف جرال نے شرکت کی مرزا محمد اصغر جرال مرحوم بسلسلہ روزگار گزشتہ تیس سال سے دوبئی میں مقیم تھے 27رمضان المبارک کو ہارٹ اٹیک کے باعث وہ انتقال کر گئے عیدا لفطر کی تعطیلات کی وجہ سے ڈاکو منٹس کی تیاری میں تعطل آگیا کاغذات کی کلیئرنس کے بعد انکی میت آزاد کشمیر لائی گئی مرزا محمد اصغر مرحوم مرزا مشتاق احمد سیکٹر ایف ون کے ہم زلف اور پی ایس ایف کے رہنما زبیر جرال کے خالو تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
صد ر ایکشن کمیٹی مقامی متاثرین منگلا اپ ریزنگ پر قاتلانہ حملہ انتہائی قابل مذمت ہے’چوہدری نذارت
میرپور(پی پی سی) صد ر ایکشن کمیٹی مقامی متاثرین منگلا اپ ریزنگ پر قاتلانہ حملہ انتہائی قابل مذمت شرمناک اور بزدلانہ حرکت اور گھٹیا ذہنیت کی عکاس ہے اور ملزمان کو گرفتار نہ کرنا اس سے بھی بڑی غیر ذمہ داری اور سستی ہے ۔صدر ایکشن کمیٹی راجہ اللہ دتہ پر حملہ عین اس وقت حملہ کروانا جب وہ لُٹے دوبٹے اجڑتے ہوئے متاثرین کی بحالی اور ان کو آباد کرنے میں اپنا کردار ادا کر رہے تھے کسی بڑی مذموم سازش کا شاخسانہ تھے جو کہ ناقابل برداشت ہے ۔ان خیالات کا اظہار سیکرٹری جنرل ایکشن کمیٹی مقامی متاثرین چوہدری نذارت نے صدر ایکشن کمیٹی پر قاتلانہ حملے پر ایکشن کمیٹی کے ہنگامی مذمتی اجلاس میں رد عمل کرتے ہوئے کیا ۔سیکرٹری جنرل ایکشن کمیٹی نے مزید کہا کہ صدر ایکشن کمیٹی مقامی متاثرین پر حملہ پوری متاثرین برادری پر حملہ ہے اگر پولیس نے یا انتظامیہ نے ملزمان کی گرفتاری میں کسی سستی یا غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا تو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔پولیس کے ذمہ داران سے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ایسے عناصر کو اگر گرفتار کرکے متاثرین کے خلاف ہونے والی سازش کو بے نقاب نہ کیا گیا تو ہم متاثرین خود کوئی کارروائی کرنے پر مجبور ہونگے ۔ہم متاثرین واپڈا کی جارحیت کے خلاف لڑائی لڑ رہے ہیں اور اوپر سے یہ بزدلانہ فعل ہمارے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے ۔مذمتی اجلاس ے چوہدری اکرم ،چوہدری ابراہیم ،عمران شاہ ،چوہدری محبوب ،چوہدری صدیق ،مرز اظہر ،منور حسین شاہ ،چوہدری مظہر ،چوہدری محمد اعظم اور دوسرے متاثرین نے خطاب کیا اور غنڈا عناصر کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مسلم لیگ ن کی وفاقی حکومت آزادکشمیر میں کسی بھی قسم کی کرپشن برداشت نہیں کرے گی ‘مزمل حسین چوہدری
میرپور (پی پی سی) مسلم لیگ ن سٹی میرپور کے سینئر نائب صدر مزمل حسین چوہدری نے کہاہے کہ مسلم لیگ ن کی وفاقی حکومت آزادکشمیر میں کسی بھی قسم کی کرپشن برداشت نہیں کرے گی ۔آزادکشمیر میں مشیران اور کوآڈینٹرز کی ظفر موج کو ختم کیاجائے اور عوامی منصوبوں کے کاموں پر آغاز کیاجائے ۔آزادکشمیر کا صنعتی حب میرپور شہر اس وقت گھنڈارت کا منظر پیش کررہاہے حکومت فورا ً اس کی بحالی پر کام شروع کریں۔ راجہ فاروق حیدر کی قیادت میں مسلم لیگ ن آزادکشمیر میں ایک مضبوط قوت بن چکی ہے انشاء اللہ جلد یہاں مسلم لیگ ن کی حکومت ہوگی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ سالار جمہوریت سردار سکندر حیات کے سنہری دور کو عوام ا ب بھی یاد کرتے ہیں انہوں نے اپنے دورمیں آزادکشمیر کے کونے کونے میں ترقیاتی کاموں کے جال بھچا دیے جبکہ موجودہ حکومت ہوائی اعلانات کرنے میں کوئی ثانی نہیں رکھتی اور سابق حکومتوں کے منصوبوں پر اپنی نام کی تختیاں لگائی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کی وفاقی حکومت کی بہترین پالیسی سے جلد بجلی کی بحران ختم ہوجائے گا۔ مزمل حسین چوہدری نے اسلام آباد واقعہ کی شدید الفالظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے پولیس کی ناکامی قراردیتے ہوئے ذمہ دار اہلکاروں کو برطرف کرنے کا مطالبہ کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
برطانیہ میں ہر سال چھ ہفتوں کی تعطیلات کے دوران نوجوان نسل کا پاکستان آنے کے بجائے یورپ اور امریکہ جانے کا رجحان لمحہ فکریہ ہے
میرپور(پی پی سی) ایڈمنسٹریٹر بلدیہ ڈڈیال چوہدری خالد بھلوٹ نے کہا ہے کہ برطانیہ میں ہر سال چھ ہفتوں کی تعطیلات کے دوران نوجوان نسل کا پاکستان آنے کے بجائے یورپ اور امریکہ جانے کا رجحان لمحہ فکریہ ہے ۔برطانیہ میں بچوں کوا پنے آبائی وطن کیطرف راغب کرنا سب سے بڑا چیلنج ہے جسکی کامیابی سے آزادکشمیر معیشت و معاشرت پر مثبت و تعمیری اثرات مرتب ہو سکتے ہیں ڈڈیال کی تعمیر و ترقی میں وہ معیار لانا چاہتا ہوں جس سے تارکین وطن کو برطانیہ جیسی بہترین سہولیات میسر آسکیں۔ برطانیہ سے واپسی چوہدری خالد بھلوٹ کا اسلام آباد ائیر رپورٹ پر شاندار استقبال ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار برطانیہ سے واپسی پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔چوہدری خالد بھلوٹ نے کہا کہ صدر پاکستان آصف علی زرداری اور کشمیر امور کی انچارج محترمہ فریال تالپور کی تارکین وطن اور ریاستی مسائل میں خصوصی دلچسپی و ان کے حل کے لیے خصوصی اقدامات پر ان کے انتہائی شکر گزار ہیں یہی وجہ ہے کہ آج ڈڈیال پیپلز پارٹی کا گڑھ اور آزاد کشمیر کے ماتھے کا جھومر ہے ۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کشمیری عوام نے 2011ء کے تمام انتخابات میں بھرپو رعوامی میڈیٹ سے نوازا جو کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو ،محترمہ بے نظیر بھٹو شہید اور صدر پاکستان آصف علی زرداری سے گہری جذباتی و ابستگی کا زندہ جاوید ثبوت ہے آزاد کشمیر میں تین میڈیکل کالجز اور متعدد میگا پراجیکٹس پر جاری کام پیپلز پارٹی کی حکومت کا وہ کارنامہ ہے جو گزشتہ 66سال میں ماضی حکومتوں بھی سرانجام نہیں دے سکیں ۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ڈڈیال میں ٹھوس بنیادوں پر تعمیر و ترقی کے ذریعے اسے آزاد کشمیر کا رول ماڈل کشمیر بنائوں گا اور سلسلہ میں سول سوسائٹی کے تعاون کا طلبگا ر ہوں۔