مصباح 2015ء تک کپتان رہیں گے، انٹرنیشنل کرکٹ جلد بحال ہو گی، شہریار خان

 Shahryar Khan

Shahryar Khan

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے شائقین کو دیگر ممالک کی ٹیموں کے دورہ پاکستان کی خوشخبری سنا دی، کہتے ہیں کہ آئی سی سی اجلاس میں کئی ممالک نے اپنی قومی اور جونئیر ٹیمیں پاکستان بھیجنے کی پیش کش کی ہے۔

قذافی سٹیڈیم لاہور میں پی سی بی کے چیئرمین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بلند بانگ دعوے کیے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لیے ان کا بھارت سمیت سری لنکا اور بنگلا دیش کا دورہ کامیاب رہا۔ بھارت کے دورے میں ان کی سری نواسن سے ملاقات نہیں ہو سکی۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی اجلاس میں سری نواسن نے یقین دہانی کرائی کہ بھارتی ٹیم کا دورہ ان کی حکومت کے ساتھ مشروط نہیں ہوگا۔

قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق کے بارے میں بات کرتے ہوئے شہریار خان کا کہنا تھا کہ وہ ورلڈ کپ 2015ء تک ہر صورت میں ٹیم کی قیادت کریں گے۔ چئیرمین نے قومی آف سپنر سعید اجمل کے بارے میں امید کا اظہار کیا کہ ان کی پوری کوشش ہے کہ سپنر کو بھی ورلڈ کپ ٹیم کا حصہ بنائیں۔

چیئرمین کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لیے پہلا قدم ضروری ہے اور پہلے سٹیپ پر چاہے انڈر 19 ٹیمیں ہو یا ایسوسی ایٹ ممبرز کی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں۔ ایک بار دروازے کھل گئے تو چھوٹی ٹیموں کے بعد بڑی ٹیمیں بھی پاکستان کا دورہ کریں گی۔