لاہور (جیوڈیسک) کیریبین پریمیئر لیگ کھیلنے والے 4 پاکستانی کرکٹرز قومی ٹیم کو زمبابوے میں جوائن کریں گے، ان کھلاڑیوں میں ون ڈے کے کپتان مصباح الحق اور ٹی ٹوئنٹی کے کپتان محمد حفیظ بھی شامل ہیں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ہونے والی سیریز کے بعد ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیم کے کپتان مصباح الحق، ٹی ٹوئنٹی قائد محمد حفیظ، وکٹ کیپر عمر اکمل اور اوپننگ بیٹسمین احمد شہزاد کیریبین پریمئر لیگ میں شرکت کے لئے ویسٹ انڈیز ہی میں رک گئے تھے۔
چاروں کھلاڑیوں کو دورہ زمبابوے کے لئے پاکستان ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، وہ 13 اگست سے شروع ہونے والے تربیتی کیمپ میں شرکت نہیں کریں گے، بلکہ ٹیم کو زمبابوے ہی میں جوائن کریں گے، قومی ٹیم 19 اگست کو زمبابوے روانہ ہو گی جہاں وہ میزبان ٹیم کے خلاف دو ٹی ٹوئنٹی، 3 ون ڈے اور 2 ٹیسٹ میچز کھیلے گی۔