ڈھاکا (جیوڈیسک) پی سی بی نے مصباح الحق کی قیادت پر چھائے شکوک کا خاتمہ کرتے ہوئے انھیں ورلڈ کپ تک کپتان برقرار رکھنے کا اعلان کر دیا۔ ساتھ ہی پلیئرز کے سینٹرل کنٹریکٹ ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں کارکردگی سے مشروط کر دیے گئے ہیں، چیئرمین نجم سیٹھی نے ڈھاکا میں پاکستانی میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مصباح کی فارم اچھی ہے لہذا آئندہ برس کے میگا ایونٹ تک وہی قیادت کے فرائض نبھائیں گے، انھوں نے کہا کہ آفریدی بطور انسان اب خاصے سمجھدار ہو گئے ہیں یقیناً ضرورت پڑنے پر ہمارے پاس ان کا آپشن بھی موجود ہو گا۔
سینٹرل کنٹریکٹ کے سوال پر چیئرمین نے کہا کہ اگر پلیئرز جیت کر آئے تو اچھی ڈیل ان کی منتظر ہوگی، البتہ اگر کامیاب نہ رہے تو یہ سوال اٹھے گا کہ جب پرفارم نہیں کر رہے تو کیا انھیں اتنی رقم دینا مناسب ہے؟ انھوں نے کہا کہ سینٹرل کنٹریکٹ اور اس کی مراعات بیحد پیچیدہ ہیں، میں نے کہیں اور نہیں دیکھا کہ کوئی چار وکٹیں لے یا ففٹی بنائے تو اتنے لاکھ انعام ملے گا۔