دبئی (جیوڈیسک) آئی سی سی ایوارڈز 2013 کے لیے نامزدگیوں کا اعلان کر دیا گیا، پاکستان کے مصباح الحق، سعید اجمل اور عمر گل کو بھی سال کے بہترین کھلاڑیوں کی فہرست میں جگہ مل گئی۔
آئی سی سی کی جانب سے سال دو ہزار تیرہ کے بہترین کھلاڑیوں کی نامزدگیوں کے بارے میں پریس ریلیز جاری کی گئی۔ ون ڈے کرکٹ آف دی ائیر کی فہرست میں پاکستان کے مصباح الحق اور سعید اجمل کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
فہرست کے دیگر کھلاڑیوں میں بھارت کے شیکھر دھوان، مہندراسنگھ دھونی، رویندرا جدیجا اور سری لنکا کے کمار سنگاکارا شامل ہیں۔ ٹی 20 انٹرنیشنل پرفارمنس آف دی ائیر کی فہرست میں پاکستان کے عمر گل کو شامل کیا گیا ہے۔
پلئیر آف دی ائیر اور ٹیسٹ کرکٹر آف دی ائیر کیٹیگریز میں پاکستانی کھلاڑی جگہ بنانے میں ناکام رہے۔
پلئیر آف دی ائیر کی نامزدگیوں میں جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ ، جیمز اینڈرسن ، مائیکل کلارک، الیسٹر کک، مہندراسنگھ دھونی اور کمار سنگاکارا شامل ہیں۔
آئی سی سی امپائر آف دی ائیر کی فہرست میں پاکستان کے علیم ڈار ایک بار پھر سے شامل ہیں جنہیں اس سے پہلے پانچ بار امپائر آف دی ائیر کا اعزاز حاصل ہو چکا ہے۔
آئی سی سی ایوارڈز کی خصوصی تقریب چودہ دسمبر کو منعقد ہو گی۔