مصباح الحق کا ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

Misbah ul Haq

Misbah ul Haq

کراچی (جیوڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ورلڈ کپ 2015 کے بعد ون ڈے کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا اعلان کیا ہے۔

مصباح الحق نے کہا کہ ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے لئے یہی مناسب وقت ہے اور ریٹائرمنٹ کا فیصلہ انہوں نے اہل خانہ اور قریبی دوستوں کی مشاورت کے بعد کیا تاہم ورلڈ کپ کے بعد بھی ٹیسٹ کرکٹ کھیلتا رہوں گا۔

انہوں نے کہا کہ کپتانی کے لئے اس وقت کوئی نام لے کر کسی کھلاڑی کو ناراض نہیں کرنا چاہتا تاہم میرے بعد بننے والے کپتان پر بھی بورڈ کا اعتماد مجھ جیسا ہی ہونا چاہئے، ورلڈ کپ جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے اور میگا ایونٹ کے بعد پاکستان کو آگے دیکھنا ہے۔

مصباح الحق کا کہنا تھا کہ جس طریقے سے کرکٹ کھیلی اس پر بہت حد تک مطمئن ہوں اور کوئی دکھ یا افسوس نہیں، ورلڈ کپ میں ایک سے زائد سنچریاں بنانے کی خواہش ہے اور اچھے ریکارڈ کے ساتھ ون ڈے کرکٹ سے ریٹائر ہونا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کپتان بننے کے بعد کیریئر کافی اچھا رہا اور بیٹنگ بہتر کرنے کا موقع ملا، شائقین ورلڈ کپ میں ہماری کامیابی کے لئے دعا کریں جب کہ امید ہے کہ ورلڈ کپ سے قبل مکمل فٹ ہوجاؤں گا۔

واضح رہے کہ مصباح الحق 153 ون ڈے میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں جن میں انہوں نے 4 ہزار 669 رنز بنائے جب کہ انہوں نے 53 ٹیسٹ اور 39 ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچوں میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی۔