لاہور (جیوڈیسک) مصباح الحق اور یونس خان کی فٹنس نے عمر کو شکست دیدی، سمر کیمپ کے کمانڈنٹ محمد اکرم کاکہنا ہے کہ سینئر پلیئرز ٹریننگ میں سب سے زیادہ سرگرم اور دوسروں کیلیے مثال ہیں، میں انھیں سیلوٹ کرتا ہوں۔ ڈائریکٹر نیشنل کرکٹ اکیڈمی نے کہاکہ شاہد آفریدی اور عمر گل مکمل فٹ اور ٹریننگ میں پیش پیش رہتے ہیں، عمر اکمل معمولی نوعیت کی ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوئے جبکہ اظہر علی کیمپ سے قبل انجرڈ تھے، وہ دونوں روزانہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی آ کر ڈاکٹر کو رپورٹ کرتے ہیں، جلد ہی بھرپور ٹریننگ کرنے لگیں گے۔
محمد اکرم نے کہا کہ کیمپ شروع ہوئے 2 ہفتے ہو گئے، کھلاڑیوں کی فٹنس میں امید سے زیادہ بہتری آئی تاہم ہم اسے انٹرنیشنل معیار کے مطابق بنانا چاہتے ہیں، ہر 4 ماہ کے بعد فٹنس ٹیسٹ ہونگے، ہر کھلاڑی کو انفرادی طور پر بھی پلان دیاجائے گا تا کہ وہ خود بھی اپنا خیال رکھے، انھوں نے کہا کہ بورڈ میں تبدیلیوں کا کیمپ پر اثر نہیں پڑا، کھلاڑی معمول کے مطابق ٹریننگ کر رہے ہیں۔