لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا، کہتے ہیں کیرئیر کا اختتام ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی سے کرنا چاہتا ہوں۔
قدافی سٹیڈیم لاہور میں میڈیاسے بات کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ون ڈے سے ریٹائرمنٹ کے فیصلے سے چیئرمین پی سی بی کو ایک ماہ قبل آگاہ کر دیا تھا۔ اس موقع پر قومی ٹیم کے قائد نے پاکستان کرکٹ بورڈ، کھلاڑیوں اور مداحوں کی سپورٹ کا شکریہ ادا کیا۔
مصباح الحق کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہمیشہ مثبت کرکٹ کھیلی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ورلڈ کپ میں تاریخی کاکردگی دکھا کر ون ڈے کیرئیر کا شاندار اختتام کرنا چاہتے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا کہ انہیں مصباح الحق کی صلاحیتوں کا ہمیشہ سے علم تھا۔مصباح الحق نے اپنی کپتانی میں پاکستان کو بلندیوں پر پہنچا دیا ان کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔ تجربہ کار بلے باز مصباح الحق اور چیئرمین پی سی بی کرکٹ کے میگا ایونٹ ورلڈ کپ میں جیت کے لیے پر عزم ہیں۔