بھمبر (ڈسٹرکٹ رپورٹر) دکھی افراد کی خدمت انسانیت کی معراج ہے، بھمبر میں کشمیر دوست انجمن فلاح و بہبود کے زیر انتظام چنار فری ڈائیلاسز سنٹر کا قیام کسی بڑے معجزے سے کم نہیں، جس تیزی کے ساتھ گردے کے مریضوں میں اضافہ ہو رہا ہے حکومتی وسائل کے اندر رہ کر اس سے نمٹنا آسان نہیں جس کے لیے ہمیں اپنی مدد آپ کے تحت اس نیک کام میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،ڈائیلاسز سنٹر وزٹ کر کے حقیقت سے آشنا ہوئے ،جن لوگوں نے اس کا بیڑا اٹھا رکھا ہے ان کا جذبہ خدمت قابل ستائش ہے۔
اوورسیز کشمیری وپاکستانی کمیونٹی سنٹر کو کامیابی سے چلانے کے لیے اپنا بھرپورکردار ادا کرے گی ان خیالات کا اظہار اوور سیز کشمیری رہنمائوںراجہ انصر عظیم بڑھنگ آسٹریا،راجہ محمد یونس سعودی عرب،انصر اقبال جٹ برسالی کویت،چوہدری طاہر محمودجہونجہ کویت نے ڈسٹرکٹ ہسپتال بھمبر میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیااس موقعہ پر صدر کشمیر دوست انجمن فلا ح وبہبود چوہدری عبدالرشید،جنرل سیکرٹری چوہدری عتیق الرحمان برسالوی ،پروفیسر محمد اصغر شاد نے بھی خطاب کیا اور شرکاء تقریب کو چنار فری ڈائیلاسز سنٹر پر بریفنگ دی اور اس کی کارکردگی و مسائل پر روشنی ڈالی ،مقررین نے کہا کہ ڈا ئیلاسز کے ذریعے علاج بہت مہنگا ہے،جو ایک غریب مریض کے بس کی بات نہیں ، بھمبر جیسے دودافتادہ علاقے میں گردوں کے مرض میں مبتلا مریضوں کو گھر کی دہلیز پر علاج معالجہ کی فری سہولت ملنا کسی معجزے سے کم نہیں،اس وقت سنٹر میں42 مریضوں کو فری ڈائیلاسز کی سہولت میسر ہے کسی ایک مریض سے بھی پرچی سمیت کسی او ر مد میں ایک روپیہ تک وصول نہیں کیا جاتا،سنٹرکے روزانہ کے اخراجات 40 ہزار سے زائد ہیں مریضوں کو گھر سے پک اینڈ ڈراپ کی فری سہولت بھی دی جا رہی ہے ،یہی وجہ ہے کہ اس سنٹر کو کامیابی سے چلانے کے لیے صاحب حیثیت ،ماہانہ مستقل ممبران اور اوورسیز کشمیریوں و پاکستانیوں کا بنیادی کردار ہے۔
انہوں نے اس موقعہ پرتمام اوورسیز بھائیوں سے اپیل کی کہ اس مرض کے خلاف جاری جنگ میں ہمارا ہاتھ بٹائیں تقریب میں چوہدری محمد ارشاد برسالی کویت،راجہ محمد نویدنندوال سائوتھ افریقہ ،چوہدری شاہد یونس کڈہالہ بحرین ،خالد محمود بٹ بھمبرکویت،سابق چئیر مین ضلع زکوٰة چوہدری جمیل سلطان ،راجہ التماس خان نائب صدر،حافظ اظہر حسین ،ڈاکٹر غلام رسول چوہدری اسسٹنٹ ڈائریکٹر امور حیوانات بھمبر ،صدر بھمبر پریس کلب جاوید اقبال برسالوی ،شیراز پرویز مشتاق سمیت دیگر نے شرکت کی ،اس موقعہ پر الکویت گروپ کی طرف سے چوہدری محمد ارشاد اور چوہدری طاہر محمود نے ایک لاکھ سترہ ہزار روپے،راجہ انصر عظیم 30 ہزار،راجہ نوید 30 ہزار،خالد محمود بٹ20 ہزار،چوہدری شاہد یونس 10 ہزار ،راجہ محمد یونس5 ہزار،محترمہ رحمت بی بی برسالی،65 ہزار اورامیر حمزہ10 ہزار روپے کے عطیات دیے گئے ،اس سے قبل اوورسیز رہنمائوں نے سنٹر کا دورہ کیا ،مریضوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل دریافت کیے ،چوہدری عتیق الرحمان برسالوی نے تقریب میں شامل ہونے والے اوورسیز رہنمائوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا ۔