ینگون (جیوڈیسک) حال ہی میں مس ایشیا پیسیفک کا مقابلہ جیتنے والی میانمار کی حسینہ مے میٹ نوئی پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنا ہی جیتا ہوا ایک لاکھ ڈالر مالیت کا ہیروں سے جڑا تاج چرا لیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادار ے کے مطابق جنوبی کوریا کے مقابلہ حسن منعقد کرانے والے ادارے کے ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ میانمار سے تعلق رکھنے والی 18 سالہ حسینہ کا کردار مقابلے میں پہلے دن سے ہی بہت افسوس ناک تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ مے میٹ نوئی نے اپنے مرکزی آرگنائرز اور اسپانسرز کو بھی دھوکے میں رکھا اور جھوٹ بول کر پیسے بٹورتی رہیں جس کی وجہ سے ادارے نے انہیں تاج واپس کرنے کا حکم دیا لیکن وہ تاج لے کر فرار ہو گئیں۔
ان کا کہنا تھاکہ مے میٹ نوئی اب مس ایشیا پیسیفک نہیں رہی ہیں اور نئی حسینہ کے انتخاب کے لئے مقابلہ دوبارہ منعقد کیا جائے گا جس کے لئے ہمیں ہیروں سے جڑا تاج دوبارہ خریدنا ہو گا۔
مقابلہ حسن منعقد کرنے والے ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ مس ایشیا پیسیفک سے اس حوالے سے کئی بار رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تاہم ہر بار ان کا موبائل بند ملا جب کہ میانمار میڈیا کے مطابق مے میٹ نوئی اپنی صفائی میں جلد پریس کانفرنس کریں گی۔