کوالالمپور (جیوڈیسک) لاپتہ ملائشین طیارے کی تلاش تیسرے ہفتے میں داخل ہوچکی ہے۔ آسٹریلوی وزیر اعظم ٹونی ایبٹ نے ایک بار پھر طیارے کے ممکنہ ملبے کی نشاندہی ہونے کی خبر دی ہے۔ ملائیشین ائر لائن کا طیارہ ایم ایچ 370 آٹھ مارچ کو کوالالمپور سے بیجنگ جاتے ہوئے لاپتا ہوگیا تھا۔ 26 ممالک کی ٹیمیں طیارے کی کھوج میں ہیں لیکن اب تک اس کا کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔
آسٹریلوی وزیراعظم ٹونی ایبٹ نے ایک مرتبہ پھر خبر دی ہے کہ آسٹریلیا کے ایک طیارے نے بحر ہند میں لکڑی کا تختہ اور کچھ دیگر اشیاء دیکھی ہیں تاہم ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ یہ ملبہ لاپتہ طیارے کا ہے۔
دوسری جانب چینی سیٹلائیٹ نے جنوبی بحر ہند میں 13 سے 22 میٹر کے کچھ ٹکڑوں کی نئی تصاویر جاری کی ہیں جن کی تصدیق کے لئے چینی طیارے بھیج دیے گئے ہیں۔