لاپتہ افراد کیس: آئی جی ایف سی کے پیش نہ ہونے پر سپریم کورٹ برہم

Chief Justice

Chief Justice

کراچی (جیوڈیسک) بلوچستان سے لاپتہ ہونے والے افراد کے مقدمے کی سماعت کرتے ہوئے لارجر بنچ نے آئی جی ایف کی عدم پیشی پر برہمی کا اظہار کیا۔

عدالت نے ڈپٹی اٹارنی جنرل شاہد بھٹی سے استفسار کیا کہ حکم کی تعمیل نہیں ہوئی، بتائیں کس کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کریں۔

چیف جسٹس کا اپنے ریمارکس میں کہنا تھا کہ عدالت کے پاس ثبوت ہیں کہ لاپتہ افراد ایف سی کے پاس ہیں۔ لاپتہ افراد کو ہر حال میں لانا ہو گا۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ پانچ افسر فوج میں واپس جا چکے ہیں، انہیں پیش نہیں کر سکتے۔ عدالت نے آئی جی سندھ کو ہدایت کی کہ کراچی میں بیٹھے ہوئے لاپتہ افراد کے اہل خانہ کو تحفظ فراہم کیا جائے۔

عدالت نے حکم دیا کہ لاپتہ افراد کے مقدمات میں ملوث تمام افسر یکم دسمبر کو کوئٹہ میں ڈی جی سی آئی ڈی کے سامنے پیش ہوں۔

دوران سماعت چیف جسٹس نے ایڈیشنل آئی بلوچستان میر زبیر کو خراج تحسین پیش کیا۔ مقدمے کی سماعت تین دسمبر تک ملتوی کر دی گئی ہے۔