کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سولنگی اتحاد کے سینئر و بزرگ رہنما امیر سولنگی اور سردار اکرم سولنگی ‘ سردار شبیر سولنگی ‘ سردار راحیل سولنگی ‘ سردار خادم حسین سولنگی ‘ ایڈوکیٹ کرم اللہ سولنگی ‘ ایڈوکیٹ اقبال سولنگی و دیگر نے لاپتہ افراد کی بازیابی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آئین نے ہر شہری کی جان و مال کے تحفظ کا ضامن ریاست کو بنایا ہے مگر قومی مفادات کے نام پر حدود و اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے ریاستی اداروں کی جانب سے کسی بھی شہری کو حراست میں لینا اور عدالتی کارروائی کے بغیر اس کیخلاف کارروائی عمل میں لانا اور لاپتہ کرنا قومی مفاد نہیں بلکہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور عوام کے آئینی حقوق کی پامالی اور ریاست کے اندر ریاست بنانے کی کوشش ہے اور اگر اس رجحان کے خاتمے پر توجہ کی بجائے اسے تقویت دی گئی تو حکومت یقینا اپنی رٹ سے محروم ہو جائے گی۔
چند ناعاقبت اندیش افراد کے اعمال بد کی باعث اداروں کا عوامی اعتماد و تشخص بھی مجروح ہوجائے گا جو یقینا ملک و قوم کے مفادمیں نہیں اسلئے لاپتہ افراد کیس میں حکمرانوں کو سخت ایکشن لیتے ہوئے لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں۔
اگر لاپتہ کئے گئے افراد جرائم پیشہ یا ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہیں تو بھی انکے معاملہ کا فیصلہ قانون کی عدالتوں میں ہی ہونا چاہیے تاکہ یہاں آئین کی حکمرانی اور انصاف کی عملداری کا تصور پختہ ہو سکے۔