اسلام آباد (جیوڈیسک) بلوچستان میں لاپتا افراد کے کیس کی سماعت آج سپریم کورٹ اسلام آباد میں ہو گی۔ لاپتہ 35 افراد میں سے کوئی بھی بازیاب نہیں ہوسکا ہے۔
یاسین شاہ سمیت جو 35 افراد لاپتا تھے، سپریم کورٹ کی ہدایات پر سیکیورٹی ایجنسیوں نے ان کا پتا لگانے کی کوشش کی، لیکن کوشش کے باوجود 2 کے علاوہ کسی کا پتہ نہیں چل سکا۔
جن 2 افراد کا پتہ چلا ہے، ان کے نام سردار علی اور نادر علی معلوم ہوئے ہیں، انہیں جیل میں رکھا گیا تھا، ان دونوں کی حراست غیر قانونی نہیں تھی اور وہ دونوں ہی جیل میں طبعی موت کا شکار ہوچکے ہیں۔
جیل سپرنٹنڈنٹ نے 2 سال قبل قیدیوں کی فہرست فراہم کی تھی، جو درست نہیں۔ سپریم کورٹ نے 35 لاپتا افراد کو آج پیش کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔
سپریم کورٹ نے ایف سی کے 19 افسروں کو ڈی آئی جی سی آئی ڈی کوئٹہ کے سامنے اتوار کو پیش ہونے کا بھی حکم دیا تھا تاہم کوئی افسر پیش نہیں ہوا۔ کیس کی سماعت آج اسلام آباد میں ہورہی ہے۔