سکھر (جیوڈیسک) جئے سندھ تحریک کے کارکنوں کو گرفتار کرکے لاپتا کرنے کے خلاف سکھر میں جئے سندھ تحریک کے کارکنان کی ایک بڑی تعداد نے نصیر گوپانگ، حمید سندھی، ثناء اللہ میمن، عیدن جاگیرانی و دیگر کی قیادت میں پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کی اور بعد ازاں پریس کلب کے قریب منارہ روڈ پر دھرنا دے کر جڑواں شہروں روہڑی اور سکھر کے درمیان ٹریفک کی آمدورفت معطل کردی، مظاہرین نے ہاتھوں میں جھنڈے، بینرز اور پلے کا رڈز اٹھا رکھے تھے
جن پر مختلف نعرے درج تھے رہنمائوں کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ہمارے کارکنوں کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر رکھ کر ان پر دن رات تشدد کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے ان کی جانوں کو خطرہ ہے اور اگر ان کو کچھ ہوا تو اسکی ذمہ داری سکھر انتظامیہ پر عائد ہوگی، انہوں نے کہا کہ پولیس لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کرنے اور چوروں، ڈاکوئوں اور لٹیروں کو گرفتار کرنے کے بجائے ہمارے بے گناہ کارکنوں کو گرفتار کرنے اور انہیں لاپتا کرنے پر تلی ہوئی ہے
بے گناہ افراد کے ساتھ پولیس نے زیادتیوں کی انتہا کردی ہے مگر اس سے کوئی پوچھنے والا تک نہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ جیے سندھ کے کارکنوں کی گرفتاری کا نوٹس لیا جا ئے اور تمام اسیر کارکنوں کو رہا کیا جا ئے بصورت دیگر ہم اپنے احتجاج کا دائرہ وسیع کردیں گے۔