مشن جی ٹی روڈ کا فائنل مرحلہ: نواز شریف کا قافلہ منزل کی جانب رواں دواں

Nawaz Sharif Caravan

Nawaz Sharif Caravan

گوجرانوالہ (جیوڈیسک) مشن جی ٹی روڈ کا آخری مرحلہ، نواز شریف کا قافلہ گوجرانوالہ سے اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہے۔ کامونکی، سادھوکی، مرید کے، کالا شاہ کاکو میں قافلے کا بھرپور استقبال ہو گا۔ (ن) لیگ کی ریلی کے تمام راستوں پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

لاہور میں امامیہ کالونی سے داتا دربار تک قافلے کا استقبال ہو گا، نواز شریف کے 6 بجے تک لاہور کے داخلی استقبالی مقام امامیہ کالونی پہنچنے کا امکان ہے۔ لاہور میں امامیہ کالونی، کالاخطائی، شاہدرہ چوک، راوی ٹول پلازہ، نیازی چوک، ٹمبر مارکیٹ، آزادی چوک، لیڈی ولنگٹن ہسپتال، پیر مکی میں بڑے استقبالیہ اجتماعات ہوں گے۔ داتا دربار کے باہر اختتامی پوائنٹ ہو گا، داتا دربار اور شاہدرہ چوک میں نواز شریف کا خطاب ہو گا۔

نوازشریف کے جی روڈ مشن کے فائنل راؤنڈ کیلئے گوجرانوالہ میں متوالوں نے تگڑا ناشتہ کیا، پائے کھا کر وارم اپ ہوئے، ماروی میمن نے سابق وزیراعظم نوازشریف کے ساتھ سری پائے، چنے اور مغز کا ناشتہ کیا۔ قافلے کے ساتھ آنیوالوں کیلئے بھی کھانے پینے کا بھرپور انتظام ہے۔

لاہور روانگی سے قبل رہنما مسلم لیگ ن عابد شیر علی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر تصویر شیئر کی جس میں انہوں نے لکھا کہ نواز شریف کا قافلہ گوجرانوالہ سے لاہور روانہ ہونے کے لئے تیار ہے۔

واضح رہے نوازشریف کا قافلہ جمعہ کی صبح ساڑھے گیارہ بجے جہلم پل سے روانہ ہوا۔ قافلہ کھاریاں اور لالہ موسیٰ سے ہوتا ہوا اڑھائی بجے دوپہر گجرات سے تھوڑا پہلے فیکٹری ایریا میں ممتاز صنعتکار الحاج امجد فاروق کی نیشنل فرنیچر فیکٹری میں پہنچا۔ یہاں نوازشریف نے نماز جمعہ ادا کی، بعدازاں الحاج امجد فاروق نے ان کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔ ساڑھے تین بجے کے قریب قافلہ روانہ ہوا اور ساڑھے چار بجے کے قریب گجرات شہر کے جلسہ گاہ میں پہنچا۔ جہاں لوگوں کی ایک بہت بڑی تعداد نے ان کا شاندار استقبال کیا۔

نوازشریف نے 10 منٹ تک گجرات میں خطاب کیا۔ خطاب کے فوری بعد قافلہ گوجرانوالہ شہر کی طرف روانہ ہوگیا۔ سابق وزیر اعظم کا قافلہ رات سواآٹھ بجے کے قریب گوجرانوالہ شہر میں پہنچا۔ گوجرانوالہ پہنچتے ہی نوازشریف سٹیج پر پہنچے اور عوام سے خطاب کیا۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کا قافلہ 9 اگست کو دن پونے بارہ بجے اسلام آباد کے پنجاب ہاؤس سے روانہ ہوا تھا۔ یہ قافلہ ایک روز میں پنجاب ہاؤس اسلام آباد سے کمیٹی چوک راولپنڈی پہنچا جہاں نوازشریف نے پہلی رات پنجاب ہاؤس پنڈی میں گزاری، دوسرے روز قافلہ جہلم تک پہنچا جہاں ایک نجی ہوٹل میں نوازشریف نے قیام کیا۔

تیسرے دن یہ قافلہ گوجرانوالہ پہنچا جہاں نوازشریف نے وزیردفاع خرم دستگیرکے بہنوئی کے گھر رات گزاری۔