جہلم (جیوڈیسک) مشن جی ٹی روڈ کا تیسرا مرحلہ، نواز شریف کا قافلہ جہلم سے گجرات پہنچ گیا، میاں نواز شریف جامعہ مسجد گلوبل فرنیچر فیکٹری گجرات میں نماز جمعہ ادا کریں گے، جمعہ کی ادائیگی کے بعد میاں نوازشریف گجرات میں کارکنوں سے خطاب کرینگے۔ کارکن اپنے قائد کی جھلک دیکھنے کے لئے بیتاب ہیں۔ سکیورٹی کے سخت انتظامات کر دیئے گئے، گوجرانوالہ میں پڑاؤ کے بعد قافلہ لاہور کے لئے روانہ ہو گا۔
گوجرانوالہ میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کے استقبال کیلئے شہر بھر میں خیر مقدمی بینرز اور ہولڈنگز لگا دیے گئے، نواز شریف کی تقریب کیلئے خصوصی سٹیج پر تیاری شروع کر دی گئی ڈائس لگا دیا گیا۔
جی ٹی روڈ اور شہر کی مختلف سڑکوں پر ن لیگی ارکان اسمبلی اور دیگران کی جانب سے سابق وزیراعظم کے خیر مقدمی بینرز لگا دیے گئے ہیں جبکہ بڑی عمارتوں پر خیر مقدمی ہولڈنگ بورڈز کی بہار آگئی ہے جبکہ شہر کے مختلف مقامات پر ناکوں پر پولیس اہلکار مشکوک افراد کی تلاشی بھی لے رہے ہیں، 4000 کے قریب پولیس اہلکاروں کو جی ٹی روڈ پر مختلف استقبالی کیمپوں پر تعینات کیا گیا ہے جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مانیٹرنگ کا عمل بھی جاری ہے۔
قبل ازیں سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کا قافلہ جہلم سے شروع ہو کر مختلف شہروں سے ہوتا ہوا لالہ موسی پہنچا، جہاں کارکنوں نے سابق وزیراعظم کے قافلے کا پرتباک استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ میاں نواز شریف نے لالہ موسی پہنچنے پر قافلے میں موجود شرکاء سے مختصر خطاب کیا۔