کراچی (جیوڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی سے غلطیاں ہوئی ہیں جس کے لئے وہ اپنے ہمدردوں سے انفرادی طور پر معافی مانگتے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اگر پیپلزپارٹی کے ہمدرد کسی اور جماعت میں شامل ہونے کاسوچ رہے ہیں تو سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں، ہمیں اندازہ ہے کہ پیپلزپارٹی سے ماضی میں کئی غلطیاں ہوئی ہیں تاہم پیپلز پارٹی دوبارہ کارکنوں کا بھروسہ حاصل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی جمہوری جماعت ہے اور پارٹی کے اندر احتجاج کو خوش آئند سمجھتی ہے لیکن ہمدرد کسی ایسی غیر جمہوری جماعت کے ساتھ تعاون نہ کریں جو انتہا پسندی کی حمایت کرتی ہیں اگر ہمدرد پیپلز پارٹی سے مایوس ہیں تو احتجاج کے اور بھی راستے ہیں لیکن ہماری خامیوں کی سزاپاکستان اور جمہوریت کونہ دیں۔