ملائیشن طیارے کی تلاش براعظم آسٹریلیا کے برابر رقبے پر پھیل گئی

Malaysia Plane

Malaysia Plane

بنکاک (جیوڈیسک) گیارہ روز سے دنیا کی نظروں سے اوجھل ملائیشیا کے لاپتہ طیارے کے حوالے سے تھائی لینڈ حکام کی معلومات نے ہلچل مچا دی ہے۔ تھائی لینڈ ائی رفورس نے اپنے ریڈار پر ملائیشیا کے لاپتہ طیارے کے سگنل ملنے کی تصدیق کی ہے۔

تھائی حکام کے مطابق فلائیٹ ایم ایچ 370 کو ریڈار پر دیکھا گیا۔ طیارہ معمول کے مطابق اپنے روٹ پر سفر کر رہا تھا۔ تھائی ریڈار کو مقامی وقت کے مطابق صبح 1:22منٹ پر آخری سگنل موصول ہوئے معمول کی کمیونیکشن ختم ہونے کے بعد طیارے نے مغرب کی جانب موڑ کاٹا۔

جہاز کے غائب ہونے کے چھ منٹ بعد تھائی فوج کو نامعلوم طیارے کے سگنل موصول ہونا شروع ہو گئے۔ تھائی لینڈ کے مطابق کافی دیر تک جہاز کے سگنل کبھی آن اور کبھی آف ہوتے رہے۔

تھائی ائیر فورس حکام کا کہنا ہے کہ جیسے ہی جہاز رینج سے نکلا محدود صلاحیت کے باعث ریڈار زیادہ دیر تک جہاز کے سگنل موصول نہ کر سکے۔ تھائی لینڈ کی معلومات کے بعد طیارے کی تلاش نے نیا رخ اختیار کر لیا ہے۔ ملائیشن حکام کا کہنا ہے تھائی لینڈ کی معلومات سے تصدیق ہو گئی ہے کہ جہاز کا جان بوجھ کر مغرب کی جانب رخ موڑا گیا۔

جہاز واپس مڑ کر پہلے مالے پینسولا پھر بحیرہ ہند پر پرواز کرتا رہا۔ دوسری جانب ملائیشین حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہو سکتا ہے طیارے کے پائیلٹ یا کوپائیلٹ میں سے کسی ایک نے خودکشی کر لی ہو۔

ملائشیا کے وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ جہاز کی تلاشی کا عمل براعظم آسٹریلیا کے رقبے سے بھی زیادہ علاقے پر پھیل گیا ہے اس وقت دو عشاریہ 24 ملین مربع ناٹیکل میل پر لاپتہ جہاز کی تلاش جاری ہے۔