کراچی (جیوڈیسک) وفاقی حکومت نے موبائل کمپنیوں کو ملک بھر میں زیر استعمال تمام موبائل فون سمیں3 ماہ کے اندر بائیومیٹرک سسٹم کے ذریعے از سر نو تصدیق کی ہدایت کردی ہے۔
ٹیلی کام انڈسٹری کے مطابق 10 کروڑ سے زائد موبائل فون کی سموں کی بائیومیٹرک ری ویرفکیشن کا عمل 12جنوری سے شروع کردیا جائے گا۔ تصدیق کا عمل 2مراحل میں ہوگا پہلے مرحلے میں ملک کے حساس شہروں کراچی ،پشاور، ڈیرہ اسماعیل خان، ڈیرہ غازی خان، بلوچستان اور فاٹا کے علاقوں میں زیر استعمال 2کروڑ 10 لاکھ جبکہ ملک کے دیگر حصوں میں زیر استعمال 2 کروڑ 30 لاکھ موبائل فون سموں کی تصدیق 12جنوری سے شروع کی جائے گی۔
یہ عمل26فروری تک جاری رہے گا۔ غیر تصدیق شدہ تمام موبائل فون سمیں 27 فروری کو بلاک کردی جائیں گی۔ پہلے مرحلے میں مجموعی طور پر 4 کروڑ 40 لاکھ سموں کی تصدیق ہو گی۔ دوسرا مرحلہ 27 فروری سے شروع ہو گا جس میں ملک بھرمیں چلنے والی 5 کروڑ 90 لاکھ سموں کی بائیو میٹرک تصدیق کی جائے گی اور دوسرے مرحلے میں غیرتصدیق شدہ موبائل فون کنکشن 14 اپریل کو بلاک کر دیے جائیں گے۔
موبائل فون سموں کی بائیومیٹرک ری ویریفکیشن کیلیے ملک بھر میں چلنے والی10کروڑ 30 لاکھ سموں کو 2حصوں میں تقسیم کیا گیاہے۔ ایک فہرست کو سفید جبکہ دوسری فہرست کوگرے کلر کی شناخت دی گئی ہے۔ سفید فہرست میں وہ صارفین شامل ہیں جو حساس علاقے سے باہر اور ایک شناختی کارڈ پر ایک یا 2موبائل فون سمیں استعمال کر رہے ہیں۔
سفید فہرست میں شامل موبائل فون کنکشنز کی تعداد 5 کروڑ 90 لاکھ ہے۔ گرے فہرست میں پاکستان کے حساس شہروں بلوچستان اور فاٹا میں زیر استعمال 4 کروڑ 40 لاکھ سمیں شامل ہیں اس فہرست میں ایسے صارفین کو شامل کیا گیا ہے جنکے ایک شناختی کارڈ پر 2 یا اس سے زائد سمیں جاری کی گئی ہیں۔