موبائل فون چوری، اعلیٰ حکام متحرک، تحقیقات کیلئے پیشرفت

Mobile Phone

Mobile Phone

کراچی (جیوڈیسک) محکمہ کسٹمز ایئر فریٹ یونٹ کراچی کے ’’سب گریل‘‘ سے ڈھائی کروڑ روپے سے زائد کے موبائل فون چوری ہونے کی خبر کے بعد محکمہ کسٹمز کے اعلیٰ حکام متحرک ہو گئے ہیں۔

کلکٹر کسٹمزپری یونٹیو طارق ہدیٰ کی سربراہی میں تحقیقاتی ٹیم تشکیل دیدی گئی ہے جو جمعرات کو کسٹمز ایئرفریٹ یونٹ میں چوری ہونے والے موبائل فونز کی تحقیقات کا آغاز کرے گی اور موبائل فون کی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف سخت تادیبی کارروائی بھی شروع کرے گی۔

ذرائع نے بتایاکہ محکمہ کسٹمز ایئرفریٹ یونٹ پر تعینات کسٹمز افسران نے ’’سب گریل‘‘ میں موجود سامان کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے تاکہ وہاں پر موجود سامان کا اندازہ لگایا جا سکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کسٹمز ایئرفریٹ یونٹ کے ’’سب گریل‘‘ سے اس سے پہلے بھی نہ صرف موبائل فونز بلکہ کروڑوں روپے مالیت کی دیگر اشیا کی بھی چوریاں ہو چکی ہیں۔