موبائل فون سموں کی بائیو میٹرک تصدیق کی مدت میں 15 مئی تک توسیع

Sim Cards

Sim Cards

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے موبائل فون سموں کی بائیو میٹرک تصدیق کی مدت میں 15 مئی تک کے لئے توسیع کردی۔

وفاقی وزیر داخلہ کی زیر صدارت پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی(پی ٹی اے) کا اجلاس منعقد ہوا جس کے دوران حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملک بھر میں اب تک 7 کروڑ سموں کی تصدیق اور 2 کروڑ غیر رجسٹرڈ سمیں بند کردی گئی ہیں۔

جب کہ سیلولر کمپنیز کی جانب سے سموں کی تصدیق کی مدت میں توسیع کی اپیل پر چوہدری نثار نے سموں کی بائیومیٹرک تصدیق کی مدت میں 15 مئی تک توسیع کا اعلان کیا۔

اجلاس کے دوران وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ ملک کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا، 15 مئی کے بعد غیرتصدیق شدہ سمیں بحال نہیں کی جائیں گی اور دہشت گردی کے کسی واقعے میں غیررجسٹرڈ سم کے استعمال ہونے پرمتعلقہ کمپنی کے خلاف کارروائی ہوگی۔