کراچی (جیوڈیسک) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے چیئرمین ڈاکٹر اسماعیل شاہ نے کہا ہے ملک بھر میں استعمال ہونے والی سمز کی تصدیق کے عمل کو حتمی شکل دی جاری ہے اور اس حوالے سے لائحہ عمل 30 اکتوبر تک تیار کر لیا جائے گا۔
ملک بھر میں موبائل فون سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کے نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر اسماعیل شاہ نے سمز کی تصدیق کے حوالے سے تیارہ کردہ ایس او پیز سے آگاہ کیا اور سمز کی تصدیق کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات پر اعتماد میں لیا۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمان بھی موجود تھیں۔
ملاقات میں موبائل کمپنیوں کے نمائندوں نے وزیر مملکت کو بتایا کہ وہ ملک کی سیاسی صورتحال سے پوری طرح آگاہ ہیں اور وہ حکومت کے ساتھ مل کر ملک بھر میں بائیو میٹرک سسٹم کی تعیناتی کیلئے تیار ہیں تا کہ سمز کی تصدیق کی جا سکے۔
ملاقات میں وزارت داخلہ ایف آئی اے اور پی ٹی اے کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے دوران یہ بات خصوصی طور پر نوٹ کی گئی کہ ٹیلی کمیونیکشن کا شعبہ ٹیکس وصولیوں اور ادائیگیوں کا بڑا شعبہ ہے۔ مالی سال 2011-12 کے دوران شعبے کی جانب سے 133 ارب روپے کی ٹیکس ادائیگیاں کی گئیں جبکہ وفاقی صوبائی حکومتوں اور دیگر اداروں کو کی جانے والی اربوں روپے کی ادائیگیاں اس کے علاوہ ہیں۔
اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ موبائل فون کمپنیوں کی جانب سے ملک میں 10ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کی گئی ہے جبکہ شعبے سے 1.4 ملین افراد کو روزگار بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ کمپنیوں کی سماجی و معاشی خدمات بھی ہیں اور قومی سیکیورٹی کے مسئلے پر کمپنیاں ہر طرح کا تعاون بھی فراہم کرتی ہیں۔