ممبئی (جیوڈیسک) والدین کی طرف سے سویڈش‘ یونانی مشہور ماڈل اور اداکارہ ایلی اورام کو بالی ووڈ میں دوسری فلم مل گئی ہے اور وہ بھارت کے مشہور کامیڈین کپل شرما کے ساتھ عباس مستان کی نئی فلم میں بطور ہیروئن کاسٹ کرلی گئی ہیں۔
شوبز ذرائع کے مطابق ایلی اورام جو اب ممبئی میں رہائش پذیر ہیں اب کپل شرما کے ساتھ نئی فلم کے لیے کاسٹ کر لی گئی ہیں جب کہ اس فلم کو بنانے والے مشہور ڈائریکٹر عباس مستان ہوں گے۔ یاد رہے ایلی اورام اس سے پہلے بالی ووڈ کے ڈائریکٹر منیش پاول کی فلم ’’مکی وائرس ‘‘ میں بھی جلوہ گر ہو چکی ہیں۔
ذرائع کے مطابق اس نئی فلم میں پانچ اداکارائیں ایک ساتھ کام کریں گی۔ ڈائریکٹر عباس مستان ایکشن تھرلر فلمیں بنانے میں مشہور ہیں لیکن ان کی یہ نئی آنے والی فلم خلاف معمول ایک ’’کامیڈی ‘‘ فلم ہوگی اور توقع کی جا رہی ہے کہ اس نئے پراجیکٹ پر عباس مستان نومبر میں کام شروع کر دیں گے جب کہ اس فلم کی شوٹنگ بیرون ملک کی جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔
جب اداکارہ ایلی اورام سے اس نئی فلم سے متعلق پوچھا گیا تو اداکارہ نے ہنستے ہوئے کہا کہ وہ ابھی اس پوائنٹ پر کوئی بھی رائے نہیں دے سکتیں۔ یاد رہے ایلی اورام سلمان خان کے مشہور ریالٹی شو ’’بگ باس ‘‘ میں بھی گزشتہ برس حصہ لے چکی ہیں۔
جب کہ سلمان خان نے اپنی سابق گرل فرینڈ کترینہ کیف سے مشابہت ہونے پر ایلی اورام کی بہت تعریف بھی کی اور اسے اپنی فلموں میں اداکاری کے مواقع دینے کے وعدے بھی کیے تھے‘ اگرچہ سلمان کی طرف سے تو ابھی تک ایلی کو فلم میں کام کرنے کی کوئی بھی آفر نہیں ہوئی ہے لیکن اسے عباس مستان کی طرف سے ایک فلم ضرور مل گئی ہے۔
اس موقع پر جب ان سے سلمان خان سے متعلق پوچھا گیا تو ایلی نے کہا کہ ’’مجھے نہیں پتا کہ اس کے ساتھ کیا ہوا ہے، میں ہفتے کے دن ایک لمبے عرصے کے بعد سلمان سے ملی تھی۔‘‘ دوسری طرف ایلی اورام کو اپنی پہلی ہی فلم ’’مکی وائرس ‘‘ میں بہترین اداکاری کرنے پر بھارت کا فیمیل ڈیبیو زی سینما ایوارڈ بھی مل چکا ہے۔