اسلام آباد (جیوڈیسک) کرنسی اسمگلنگ کیس میں گرفتار ماڈل ایان علی کو اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا۔ ایان علی کو لینے کے لئے اڈیالہ جیل کے تین دروازوں پر گاڑیاں موجود تھیں تہام انہیں جیل ملازمین کے رہائشی گیٹ سے باہر نکالا گیا۔
اس سے قبل ماڈل ایان علی کے وکلاء راولپنڈی کی کسٹم عدالت کے ڈیوٹی جج صابرسلطان کی عدالت میں پیش ہوئے اور ضمانتی مچلکے جمع کرائے، ضمانتی مچلکے عدالت میں جمع کراتے وقت ضامن محمد نواز، شوکت بھٹی، محمد عمران اور طارق محمود بھی موجود تھے۔ عدالت نے ضمانتی مچلکے منظور کرتے ہوئے روبکار جاری کیا جس کی وصولی کے بعد اڈیالہ جیل حکام نے ماڈل ایان علی کورہا کردیا۔
واضح رہے کہ ماڈل ایان علی کو 14 مارچ کو اسلام آباد ایئرپورٹ سے حراست میں لیا گیا تھا اور وہ 4 ماہ سے زائد عرصہ اڈیالہ جیل میں قید رہیں تاہم لاہور ہائیکورٹ کے 14 جولائی کو ان کی ضمانت منظور کی جس کے بعد انہیں رہا کیا گیا۔