لاہور (جیوڈیسک) مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاہے کہ نوجوان نسل میں نظریہ پاکستان کو اجاگر کرنے کے لیے پاکستان مسلم لیگ(ن) کی زیر قیادت اگست کے پورے ماہ آزادی کی مختلف تقریبات جاری رہیں گی۔
جن میں خواتین، لیبرونگ، ٹریڈرز اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے کا رکن، منتخب عوامی نمائندے بھرپور شرکت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جوں جوں 14 اگست کا دن نزدیک آرہاہے عوام کے اندر جوش وجذبہ بڑھتا جارہاہے۔
انہوں نے یہ بات ماڈل ٹاؤن میں جشن آزادی کیمپ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر قومی پرچم لہرائے گئے۔
خواجہ سلمان رفیق نے سڑک سے گزرنے والی گاڑیوں اور موٹر سائیکل سوار افراد میں قومی پرچم اور بیجز تقسیم کئے۔ خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ کیمپ کے پاس سے گزرنے والے پیدل افراد اور مسافروں میں جھنڈے اور قومی پرچم کے بیجز تقسیم کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔