لاہور (جیوڈیسک) گلو بٹ کا کہنا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے دوران جو بھی کیا عوامی تحریک کے کارکنوں کے تشدد کے ردعمل میں کیا۔ پولیس یا کسی سیاستدان سے کوئی تعلق نہیں، سول نافرمانی کرنے والے عمران خان اور طاہر القادری کسی کو دکھائی نہیں دیتے، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ملزم نے قوم سے معافی بھی مانگ لی۔
سانحہ ماڈل ٹاؤن کے دوران لش پش گاڑیوں کو کباڑ بنانے والا یہ ہے گلو بٹ جس نے پولیس کی موجودگی میں نہ صرف خوب غصہ اتارا بلکہ اپنے کئے پر شاباش بھی لی۔
اب موصوف کہتے ہیں کسی سیاستدان یا پولیس سے دور دور کا تعلق نہیں، گلو بٹ نے کہا کہ اگر پولیس کو لیڈ کررہا تھا تو یہ پولیس کی نااہلی ہے وہ میرے پیچھے ایسے دوڑ رہے تھے جیسے میں آئی جی پنجاب ہوں۔ گلو بٹ نے کہا کہ ڈنڈا لیکر پھرنا دہشتگردی نہیں، ایسا ہے تو پھر مہاتما گاندھی بھی دہشتگرد تھے، اگر اوباما میرا پوچھ لے تو کیا وہ بھی میرا ٹاؤٹ ہو گا۔ گلو بٹ نے کہا کہ ہنگامہ آرائی کے دوران گولی نہیں چلائی، اگر ڈنڈے سے گولی نکل سکتی ہے تو پھر انگلی سے بھی نکل سکتی ہے۔
گلو بٹ نے کہا کہ جو بھی کیا تشدد کے ردعمل میں کیا لیکن ہر کسی کو گلو بٹ ہی نظر آرہا ہے، سول نافرمانی کرنے والے عمران خان اور طاہر القادری دکھائی نہیں دیتے، گلو بٹ نے کہا کہ سماجی کارکن ہوں، کوئی بدمعاش نہیں، ہمیشہ مظلوموں کا ساتھ دیا، کئی حج اور عمرے بھی کر رکھے ہیں۔
گلو بٹ نے ہنگامہ آرائی کے دوران بوتلیں اٹھانے کا اعتراف تو کیا لیکن ساتھ ہی صفائی بھی دے دی کہ ان کو پیا نہیں تھا، گفتگو کے دوران گلو بٹ نے اپنے کئے پر قوم سے معافی بھی مانگی۔