کراچی (جیوڈیسک) بحریہ ٹاؤن نے کراچی میں جدید ترین بس ریپڈ ٹرانسپورٹ شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے، چئرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض حسین نے کہا ہے کہ بحریہ ٹاؤن اور سندھ حکومت باہمی اشتراک سے یہ منصوبہ شروع کرے گی۔
بحریہ ٹاؤن اس سلسلے میں سندھ حکومت کو 42 ارب روپے کا قرضہ دے گا جو 15 برس میں قابل واپسی ہوگا۔ منصوبے کے لیے سندھ حکومت 8 ارب روپے وفاق سے اور 20 ارب روپے اپنے وسائل سے فراہم کرے گی۔
54 کلومیٹر طویل میٹرو پراجیکٹ نان سٹاپ اور سگنل فری ہوگا ۔ میٹرو بس پراجیکٹ سپر ہائی وے سے ملیر اور ائیر پورٹ تک ہوگا جس پر روزانہ اڑھائی لاکھ افراد سفر کر سکیں گے۔ ملک ریاض نے بتایا کہ منصوبے کے لیے ڈائیوو کمپنی اور بحریہ ٹاؤن کے درمیان سمجھوتا ہو گیا ہے جو 150 جدید ٹیکنالوجی کی حامل بسیں اس روٹ پر چلائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ منصوبہ 11 گیارہ ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا جائے گا۔ میٹرو بس سروس کا ایک لوپ سپر ہائی وے سے ٹاور اور دوسرا ایکسپریس وے سے ملیر اور جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ تک ہو گا۔ منصوبے سے کراچی کے شہریوں کو ٹرانسپورٹ کی جدید ترین سہولیات میسر آئیں گی۔