مظفر آباد (جیوڈیسک) سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل رٹائرڈ حمید گل نے کہاہے کہ فوج کے وجود کی بنیاد اور جواز کشمیر ہے، جنرل راحیل نے شہدا کے ورثا کے درمیان کھڑے ہوکر کشمیر کو ملک کی شہ رگ قرار دیتے ہوئے اپنا وژن بیان کردیا، مودی کاایجنڈا جارحیت ہے، جنگ چھڑسکتی ہے۔
انھوں نے کہاکہ نواز شریف نے مایوس کیا، مشرف پر مقدمہ 12 اکتوبر سے چلایا جائے، عدلیہ جنرل کا وقار ملحوظ رکھے۔ آئی این پی کے مطابق انھوں نے کہاکہ مودی کے اقتدار میں آنے کے بعد کوئی سابق فوجی خود کورٹائرڈ نہ سمجھے ہندوئوں نے اپنے تربیت یافتہ غنڈے کو اقتدار پر لاکر پاکستان کی تباہی کے نعرے لگانا شروع کر دیے ہیں۔
جمعے کو یہاں پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کشمیر کے زیر اہتمام منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ قوم کشمیر کو پس پشت ڈالنے والوں کا بوریا بستر لپیٹ دے گی، مودی جارحیت کاایجنڈالے کر آیا ہے، میں جنگ کی بھاشاکے شعلے بھڑکتے دیکھ رہاہوں۔
پرویز مشرف پر غداری کا الزام درست نہیں ہے۔ حمید گل نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی حلف برداری تقریب میں شرکت کیلیے جانے سے پہلے نواز شریف سے میری بات چیت ہوئی تھی اور میں نے انھیں کہا تھا کہ آپ بھارت جائیں لیکن وہاں پر کشمیریوں کے حقوق پر بات کریں لیکن نواز شریف نے ایسا کوئی موقف اختیار نہیں کیا چند دنوں میں مقبوضہ کشمیر اور بھارت کے اندر مسلمانوں پر تشدد اور قتل و غارت گری شروع ہوچکی ہے جوکہ تشویشناک ہے اگر اس مسئلے پر حکمرانوں نے کوئی حکمت عملی مرتب نہ کی تو جنگ بھی چھڑ سکتی ہے۔