الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے! مودی سرکار نے سنگاپور کے سفیر کی طلب کرلیا

Narendra Modi

Narendra Modi

کوالا لمپور (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعظم سنگاپور لی ہسین لونگ کے اس بیان کہ ’’نہرو کے بھارت میں لوک سبھا کے نصف ارکان پر جنسی زیادتی اور قتل جیسے سنگین الزامات ہیں‘‘ پر مودی سرکار نے سنگاپور کے سفیر کو طلب کرلیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سنگاپور کے وزیراعظم لی ہسین لونگ نے اپوزیشن کے رکن پر الزامات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ارکان اسمبلی کو صاحب کردار ہونے اور بہترین روایات کا امین ہونا چاہیئے تاکہ مضبوط جمہوری نظام کے لیے اپنا کردار ادا کرسکے۔

اس موقع پر سنگاپور کے وزیراعظم نے بھارت کی مثال دیتے ہوئے یہ بھی کہا تھا کہ نہرو کے بھارت کا یہ حال ہوگیا ہے کہ وہاں لوک سبھا کے آدھے ارکان پر جنسی زیادتی اور قتل جیسے سنگین الزامات ہیں۔

وزیراعظم لی ہسین لونگ نے کہا کہ اکثر ممالک میں جمہوری نظام کا آغاز اعلیٰ اخلاقی اقدار اور عظیم روایات کی بنیاد پر ہوا لیکن بعد میں بانی رہنماؤں اور ان کی نسل سے تعلق رکھنے والے کارکنان کے انتقال کے بعد چیزیں تبدیل ہوتی گئیں۔

اس حوالے سے سنگاپور کے وزیراعظم لی ہسین لونگ نے ڈیوڈ بین گوریئنز اور جواہرلال نہرو کی مثالیں دیتے ہوئے کہا کہ ان کے بعد کی نسلیں اخلاقی اقدار اور کردار برقرار رکھنے میں ناکام نظر آتی ہیں۔

وزیراعظم سنگاپور کے اس بیان پر الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے کے مصداق مودی سرکار نے سنگاپور کے سفیر کو طلب کرکے بیان پر احتجاج کیا اور وضاحت طلب کی۔