مودی کو زمینی حقائق تسلیم کر کے تنازع کشمیر حل کرنا ہوگا: بیرسٹر سلطان

Barrister Sultan Mehmood

Barrister Sultan Mehmood

سہنسہ (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی رہنما بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ میں نے یورپی دنیا میں سفارتی و ابلاغی محاذوں پر مسئلہ کشمیر کو فلش پوائنٹ بنا کر بھارتی حکومت پر دباؤ بڑھا دیا ہے، ایک ہزار یورپی ممبران پارلیمنٹ کی حمایت لے کر اقوام متحدہ جا رہا ہوں عوام تھوڑا صبر کریں حکومت کو موقع دیں۔

تین سال قبل جو انتخابات کے دوران عوام سے وعدے کئے تھے، دو سال میں وہ مکمل کر کے عوامی عدالت سے سرخرو ہونے کا سرٹیفکیٹ لوں گا۔ کشمیر سیاسی اور مذہبی مسئلہ ہے جسے تاریخی اور سیاسی لحاظ سے دیکھنا ہو گا، مودی کو زمینی حقائق تسلیم کرنا ہوں گے اور تنازع کشمیر کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنا ہو گا اگر مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل نہ ہوا تو دونوں ممالک بارود کے ڈھیر پر کھڑے ہیں ایک لمحہ میں کروڑوں انسان لقمہ اجل بن جائیں گے۔

یورپی پارلیمنٹ میں آل پارٹیز کشمیر کمیٹی کے قیام سے مسئلہ کشمیر کے حل میں مدد ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سہنسہ میں سابق مشیر حکومت چوہدری اخلاق کی طرف سے دئیے گئے افطار ڈنر کے موقع پر بڑے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سے ممبر کشمیر کونسل چوہدری محبوب، صدر حلقہ سردار مشتاق احمد خان، سیکرٹری جنرل چوہدری محمد نعیم ایڈووکیٹ، روبینہ مالک اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ سابق صدر پاکستان آصف علی، پارٹی چیئر پرسن بلاول بھٹو، کشمیر امور کی انچارج فریال تالپور اور اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کی ہدایت پر حکومت کو کامیاب بنانے اور پارٹی کو مضبوط اور فعال بنانے کے لئے عملی طور پر کام شروع کر دیا ہے۔