دہلی (جیوڈیسک) جارحیت پسند اور گجرات میں مسلمانوں کے قتل عام میں ملوث بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی پاکستان پر کاری وار کرنا چاہتے ہیں ، فوج کو پاکستان کا بڑا نقصان کرنے کا حکم دے دیا۔
ترقی کا نعرہ لگانے والے بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی کا اصل چہرہ سامنے آنے لگا ، پاکستان اور بھارت میں سرحدی کشیدگی کی ذمہ دار نریندر مودی حکومت ہے جو پاکستان پر کاری وار لگانا چاہتی ہے۔ پاکستان اور بھارت میں جاری سرحدی جھڑپوں میں اب تک بیس شہری جان گنوا چکے ہیں۔
بھارتی مسلسل ان خونی جھڑپوں کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہرا رہا ہے جبکہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر پاکستان مخالف مہم جاری ہے۔ پاکستان اور بھارت کے سینئر حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ کشیدگی میں اضافہ نریندرا مودی کی حکومت کی پالیسی کے باعث پیدا ہوئی ہے۔
بھارتی وزارت داخلہ کے سینئر اہلکار کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کے آفس کی جانب سے انہیں ایک واضح پیغام دیا گیا ہے کہ پاکستان کو شدید اور بھاری نقصان پہنچایا جائے۔
نریندر مودی نے جمعرات کو ایک سیاسی ریلی میں پاکستان کے خلاف سخت الفاظ استعمال کیے کہ پاکستان کو احساس ہونا چاہئے کہ وقت بدل چکا ہے ، بھارتی وزارت داخلہ کے مطابق ہمارے باسز ہمیں پاکستان کے خلاف استعمال کرنا چاہ رہے ہیں اور نئی حکومت کا رویہ پرانی حکومت سے بہت مختلف ہے۔ پرانی حکومت میں سرحدی فورسز کو فری ہینڈ نہیں دیا جاتا تھا۔