مودی سے ہاتھ ملانے سے مسئلہ کشمیر حل نہیں ہو گا: حافظ محمد ادریس

Lahore

Lahore

لاہور : نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ مودی سے ہاتھ ملانے سے مسئلہ کشمیر حل نہیں ہو گا اس کیلئے عالمی رائے عامہ کو ہموار کر کے کشمیری عوام کی پشت پر کھڑا کرنا ہوگا،اگر نواز شریف سمجھتے ہیں کہ ان کے ہاتھ ملانے سے مودی کی اسلام اور مسلم دشمنی میںکمی آجائے گی تو اس سے بڑی سادگی اور خود فریبی اور کوئی نہیں ہو گی۔

یورپی یونین کی طرف سے تحفظ ناموس رسالت قانون کے خاتمہ کا مطالبہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں کھلی مداخلت اور مسلمانوں کی ملی حمیت کو للکارنے کے مترادف ہے ،تحفظ ناموس رسالت کا قانون غیر مسلموں کیلئے نہیں بلکہ مسلمانوں کیلئے بھی ہے اور اب تک اس قانون کے تحت سزا پانے والے بھی زیادہ تر مسلمان ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

حافظ محمد ادریس نے کہا کہ اجتماع عام کی کامیابی محض اللہ کا احسان ہے ،جماعت کے کارکنان کی محنت ،نظم و ضبط کی پابندی اور سیکیورٹی کے مثالی انتظامات کی تمام حلقوں نے تعریف و تحسین کی ہے مگر ہم سمجھتے ہیں کہ یہ خاص اللہ کے فضل اور جماعت کی قیادت کے اللہ تعالیٰ کی نصرت پر غیر متزلزل ایمان کا ثمر ہے ۔حافظ محمد ادریس نے کہا کہ جماعت ملک میں اللہ تعالیٰ کے دین کے غلبہ کی ایک منظم تحریک ہے ،ہم اپنی نہیں اللہ تعالیٰ کے نظام کی حکومت اور قرآن و سنت کے احکامات کی بالا دستی چاہتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق بار ہا یہ واضح کرچکے ہیں کہ ہمیں اپنے لئے نہیں بلکہ غلبہ دین کیلئے اختیار چاہئے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے اجتماع سے ملک میں شاندار اسلامی انقلاب کی منزل قریب آگئی ہے۔

اجتماع کی توقع سے بڑھ کر کامیابی نے کارکنان میں عزم و حوصلہ کوتقویت دی ہے ،انہوں نے کہا کہ جس طرح 23مارچ 1940ء کو مینار پاکستان کے گرائونڈ میں تحریک پاکستان کی منظوری سے پاکستان کی منزل قریب آگئی تھی اور صرف سات سال بعد برصغیر کے مسلمانوں نے ہندوئوں اور انگریزوں سے آزادی حاصل کرلی تھی اسی طرح ان شاء اللہ قوم متحد ہوکر تحریک تکمیل پاکستان کو بھی کامیاب کرے گی۔

پاکستان بہت جلد اپنے قیام کے مقاصد کو حاصل کرلے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم کسی کو اپنے کسی قائد کی طرف نہیں بلکہ سب کو اللہ کے دین کی طرف بلاتے ہیں ہمیں یقین ہے کہ اللہ تعالیٰ ہماری محنتوں کو رائیگاں نہیں جانے دے گا۔