لاہور (جیوڈیسک) جماعت اسلامی لاہور کے زیراہتمام گزشتہ روز متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔
جس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ نریند مودی کی وزارت عظمیٰ کے دوران کشمیر کو ہڑپ کرنے اور اسے مستقل طور پر بھارت کا حصہ بنانے کی سازش کو عملی جامہ پہنانے کا منصوبہ بنایا جارہا ہے۔
مسلم دشمنی میں نر یندرمودی کا اپنا ٹریک ریکارڈ بھی انتہائی خراب ہے اس تناظر میں بعید نہیں کہ مودی پاکستان کو دولخت کرنے کا بھارتی کانگریس کا کریڈٹ اب باقی ماندہ پاکستان کی سا لمیت ختم کرنے کی سازش کو عملی جامہ پہناکر برابر کرنے کی کوشش کریں۔
انھوں نے کہا کہ ہم مودی سرکار کی ان خواہشات کو خاک میں ملا دیں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میاں مقصود نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اس کی آزادی کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیاجائے گا۔
نریندر مودی کے دورہ مقبوضہ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام کے سخت ر دعمل نے مسئلہ کشمیر کے حل کے معاملہ میں لوہا گرم کر دیا ہے جس کی بنیاد پر دفتر خارجہ کو بھی ٹھوس موقف اختیار کرنا چاہیے۔