کراچی: معروف مذہبی اسکالر جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہاکہ مودی کی ہٹ دھرمی خطے کے امن اور پاکستان کے خلاف منظم سازش ہے،عالمی طاقتوں کی پشت پناہی کے جوش میں بھارت ماضی کو بھول رہاہے، بھارت میں مسلمانوں پر ظلم عالم اسلام کے لئے باعث تشویش ہے،فرقہ واریت نے سب سے زیادہ مسلمانوں کو نقصان پہچایاہے، عالمی برداری اور مسلم حکمران فلسطین ، کشمیراور دیگر مسلم امہ کے مسائل کے حل کیلئے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوجائیں،جامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری بیان میں مفتی محمد نعیم نے کہاکہ محرم کا حقیقی درس حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی راہ پرچل کر دین محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی اشاعت کرنا اور حق پر ڈٹ جانا ہے،۔
حضرت حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے کربلا میںحق کیلئے ڈٹ کر ایسی مثال قائم کردی کہ آج دنیاان پررشک کرتی ہے،انہوںنے کہاکہ مسلمانوں کو تفرقات اور گروہی تقسیم نے سب سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے، اسلام صراط مستقیم اور راہ اعتدال کا نام اس میں گروہ اوردیگر تفرقات کی کوئی اجازت نہیں ہے اللہ تعالیٰ نے پوری امت مسلمہ کو امت واحدہ کہنے کے ساتھ ہر مسلمان پر یہ ذمہ د اری عائد کردی ہے کہ وہ اپنے دوسرے مسلمان بھائی کا خیال رکھے اور اس کو تحفظ فراہم کرے اس کے برعکس آج بھائی کوبھائی ڈر لگتاہے، انہوںنے کہاکہ اسلامی سے دوری کی وجہ سے آج لوگ طرح طرح کے فتنوںمیں مبتلا ہورہے ہیں اور پوری امت مسلمہ انتشار کی کفیت میں ہے۔ انہوںنے کہاکہ آج پوری دنیا میں جب اور جہاں اسلام دشمن قوتیں چاہتی ہیں مسلمانوں پر ظلم کرتی ہیں فلسطین میں اب تک لاکھوں مسلمان شہید ہوچکے ہیں۔
کشمیر کے لاکھوں نوجوان قربان ہوچکے ہیں اس طرح دیگر ممالک کے تنازعات اور جنگوں میں مسلمانوں کو ناقابل تلافی نقصان پہچا ہے اس کی ساری ذمہ داری مسلم حکمرانوں پر عائد ہوتی ہے اگر مسلم حکمران ہوش کے ناخن لیں اور ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوجائیں تو ہمیں اپنے مسائل کو یو این او اور دیگر یورپی پلیٹ فارمز میں لینے کی ہر گز ضرورت پیش نہیں آئے گی ۔ انہوںنے کہاکہ مودی طاقت کے نشے اور عالمی طاقتوں کی پشت پناہی کے گھمنڈمیں انسانیت سے گر چکاہے وہ کشمیر کے مسلمانوں کی جدوجہد کو طاقت کے ذریعے ختم نہیں کرسکتایہ اس کی بھول ہے۔