بیجنگ (جیوڈیسک) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے چین کے ساتھ لگنے والے متنازعہ سرحدی علاقے کے دورے پر بیجنگ حکومت نے نئی دہلی سے باضابطہ احتجاج کیا ہے۔
عالمی مےڈےا رپورٹس کے مطابق چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ بیجنگ حکومت نے کبھی متنازعہ علاقے کو ’اروناچل پردیش‘ تسلیم نہیں کیا۔ بیجنگ حکومت کے بیان میں کہا گیا ہے کہ مودی کے اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات پر منفی اثر پڑ سکتا ہے۔
چینی نائب وزیر خارجہ لیو ژن من نے بھارتی سفیر اشوک کانتھا سے ملاقات کی اور سخت ردعمل کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا مودی کے متنازعہ علاقے میں دورے میں چین کی علاقائی خودمختاری، حقوق اور مفادات کو پس پشت ڈالا گیا ہے۔
لیو نے کہا کہ بھارت کوئی بھی ایسی کارروائی نہ کرے جو سرحدی معاملات کو مزید پیچیدہ بنا دے۔