مودی کی بیوی کا اپنے حقوق جاننے کا مطالبہ

Jashodaben

Jashodaben

نئی دہلی (جیوڈیسک) ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی کی بیوی جو ان کے ساتھ نہیں رہتیں، نے حکومت سے وزیراعظم کی بیوی ہونے پر اپنے حقوق طلب کر لیے جبکہ ان کا کہنا ہے کہ انہیں جان سے مار دینے کے خطرات لاحق ہیں مس جشودان نے پیر کے روز آر ٹی آئی درخواست گجرات میں مہسانہ پولیس کو جمع کروادی جس میں انہیں ملنے والے سیکورٹی کوور پر معلومات طلب کی گئی ہے۔

اپنی درخواست میں انہوں نے اپنی موجودہ سیکورٹی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا جہاں ان کے گارڈ حکومت کی گاڑیوں میں گھومتے ہیں اور انہیں وزیراعظم کی بیوی ہونے کے باوجود پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح سابق وزیراعظم اندرا گاندھی کو ان ہی کے گارڈز نے قتل کیا، انہیں بھی اپنے گارڈز سے خطرہ محسوس ہوتا ہے۔ مہسانہ پولیس کے سپرانٹینڈنٹ جے آر موتھالیہ نے تصدیق کی کہ مس جشودابن کی جانب سے انہیں اپنی سیکورٹی کے حوالے سے درخواست موصول ہوئی ہے۔

مس جشودابن اپنے بھائی اشوک مودی کے ساتھ مہسانہ ضلع کے ایک ٹاؤن انجھا میں رہتی ہیں۔ مودی صاحب کی جانب سے بطور وزیراعظم حلف لینے کے بعد انہیں پہسانہ پولیس کی جانب سے سیکورٹی مہیا کی گئی تھی۔ مہسانہ اسپیشل آپریشنز گروپ کے انسپکٹر جے ایس چاؤڈا نے کہا کہ ہم نے ان کی سیکورٹی کے لیے دس پولیس اہلکاروں کو مامور کیا ہوا ہے جو کہ دو شفٹوں میں کام کرتے ہیں۔