معین علی ’’دوسرا‘‘ کرنے والا انگلینڈ کا پہلا بولر بننے کے خواہاں

Moeen Ali

Moeen Ali

لندن (جیوڈیسک) انگلش آل راؤنڈر معین علی دوسرا گیند کرنے والا انگلینڈ کا پہلا بولر بننے کے خواہاں ہیں۔ وہ سعید اجمل کے مشوروں سے اس ڈلیوری میں مہارت حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، انھوں نے کہا کہ لوگ مجھ سے پوچھتے ہیں کہ پاکستان کیلیے کیوں نہیں کھیلتے؟ میں اب صرف برطانوی شہری ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایک انٹرویومیں کیا۔ معین علی نے کہا کہ کرکٹ ہمارا فیملی کھیل ہے، میرے والد اور چچا دونوں ہی اس کے شوقین ہیں، میرے انٹرنیشنل کرکٹر بننے کا مجھ سے زیادہ والد کو یقین تھا، معین علی نے کہا اکثر ایشیائی لوگ جب مجھ سے ملیں تو پوچھتے ہیں کہ میں پاکستان کی جانب سے کیوں نہیں کھیلتا تو میرا جواب ہوتا ہے کہ میں اب انگلینڈ کا باشندہ اور مجھے اسی پر فخر ہے، ہمارے علاقے میں کوئی بچہ پاکستان یا بھارت کی شرٹس نہیں پہنتا، سب انگلش جرسی پہنتے اور اسی سے وابستہ ہونا چاہتے ہیں۔

معین علی نے کہا کہ اکثر لوگ رنگ و نسل کے فرق کو بہانے کے طور پر استعمال کرتے ہیں مگر مجھے کبھی کیریئر کے دوران نسلی تعصب کا سامنا نہیں کرنا پڑا، میں لوگوں کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ مذہبی عقائد پر عمل کرتے ہوئے بھی اپنا کیریئر جاری رکھ سکتے ہیں، معین علی آئندہ ماہ انگلینڈ کی جانب سے سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ ڈیبیو کا خواب دیکھ رہے ہیں، وہ اپنی اسپن بولنگ صلاحیتوں کی وجہ سے کپتان الیسٹرکک کیلیے اضافی آپشن ثابت ہونگے، وہ ان دنوں دوسرا ڈلیوری میں مہارت حاصل کرنے میں کوشاں ہیں، ان کا کہنا ہے کہ میری سعید اجمل سے ملاقات ہوئی تو انھوں نے مجھے ’دوسرا‘ کے بارے میں بتایا، میں اس میں خود کو بہتر بنانے کیلیے کوشاں ہوں، مجھے یقین ہے کہ جلد ہی دوسرا گیند کرنے والا انگلینڈ کا پہلا بولر بن جاؤنگا۔