مہاجر دشمنی کیخلاف کراچی میں آج سے دھرنا ہوگا ، الطاف حسین

Altaf Hussain

Altaf Hussain

کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ گلشن معمار میں رینجرز کے چھاپے کے بعد ضبط کا بندھن ٹوٹ گیا، مہاجر دشمنی کیخلاف کراچی کے کونے کونے میں آج سے دھرنا ہو گا۔

سپریم کورٹ کے فیصلہ میں کہا گیا تھا کہ کراچی میں ہرسیاسی جماعت کے عسکری ونگ ہیں ، ایم کیو ایم کے علاوہ کسی دوسری جماعت کیخلاف کارروائی کیوں نہیں ہوتی ، تعصب اور بدنیتی کے خلاف پورے کراچی میں دھرنے ہوں گے۔

اسٹیبلشمنٹ خانہ جنگی شروع کرنے کا منصوبہ نہ بنائے تو اچھا ہو گا، روز روز رینجرز کے بلاجواز چھاپے پڑرہے ہیں، رینجرز والوں اپنی کمر کس لو، جتنے چھاپے مارنے ہیں مارلو۔ کراچی میں سی ایم ہاؤس کے سامنے دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے۔

الطاف حسین نے کہا کہ آج ملک میں کوئی قانون نہیں ہے،ایم کیوایم کے پرامن کارکنوں کو بلا جواز گرفتار کیا جارہا ہے لیکن کراچی کے حق پرست عوام بہادری سے لڑتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ ہورہی ہے۔

اور بھتے کی پرچیاں دی جارہی ہیں، وہ کون سے عناصر ہیں جو کراچی کا امن خراب کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور اور اسلام آباد میں دھرنے ہو سکتے ہیں، تو کراچی میں کیوں نہیں۔ آج سے مہاجر دشمنی کے خلاف کراچی بھر میں دھرنا ہوگا۔