لاہور (جیوڈیسک) ذرائع کے مطابق سپاٹ فکسنگ کیس میں سزا پانے والے پاکستانی بائولر محمد عامر کو اگلے ماہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت ملنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
انٹرنینشل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی آئندہ بورڈ میٹنگ میں محمد عامر کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق محمد عامر کے آئی سی سی میں انٹرویو دینے کی اطلاعات بھی ہیں۔ سپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ بائولر محمد عامر پر 5 سال کی پابندی عائد کی گئی تھی جو 5 اگست کو ختم ہونے جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے دوران لارڈز ٹیسٹ میں محمد عامر کے علاوہ اس وقت کے ٹیسٹ کپتان سلمان بٹ اور فاسٹ بائولر محمد آصف بھی کرکٹ کے اس تاریک ترین باب میں قصوروار قرار دیے گئے تھے۔
2011ء میں آئی سی سی ٹریبیونل کے سربراہ مائیکل بیلوف نے سپاٹ فکسنگ کیس میں محمد عامر کو 5، سلمان بٹ کو 10 جبکہ محمد آصف کو 7 برس کی سزا سناتے ہوئے ان کے کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کر دی تھی۔
ان تینوں نے اس جرم کے لیے انگلینڈ میں سزائیں بھی کاٹی تھیں۔ ایک انٹرویو میں سابق کپتان رمیز راجہ نے محمد عامر کی دوبارہ کرکٹ میں واپسی کی مخالفت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جس کھلاڑی کا ماضی داغدار ہو اسے ٹیم میں کیسے شامل کیا جا سکتا ہے۔
ایک مچھلی سارے تالاب کو گندا کر دیتی ہے۔ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں کو دوبارہ ٹیم میں شامل کرنا درست نہیں ہے۔