لاہور (جیوڈیسک) عدالت عالیہ نے محمد عامر کو قومی ٹیم میں شامل کرنے کے اقدام کو درست قرار دیدیا۔ جسٹس پارٹی کے منصف اعوان نے محمد عامر کی قومی ٹیم میں شمولیت کو ہائیکورٹ میں چیلنج کر رکھا تھا۔
مصنف اعوان نے موقف اختیار کیا کہ محمد عامر سزا یافتہ ہے۔ قومی ٹیم میں شمولیت کے خلاف حکم امتناعی جاری کیا جائے۔
پی سی بی کے وکیل نے درخواست گزار کے تمام دلائل مسترد کر دئیے۔ عدالت کو بتایا کہ محمد عامر کو سزا مکمل ہونے کے بعد آئی سی سی نے کرکٹ کھیلنے کی اجازت دی۔
اگر سزا یافتہ کھلاڑیوں پر تاحیات پابندی لگانی ہے تو پھر آئی سی سی قوانین میں ترامیم کرنا ہو گی۔
جسٹس شاہد بلال نے تمام دلائل سننے کے بعد مختصر فیصلہ سناتے ہوئے محمد عامر کے خلاف درخواست مسترد کر دی جبکہ کیس کا تفصیلی فیصلہ آئندہ ہفتے جاری کیا جائے گا۔